امریکی صدرڈونالڈ ٹرمپ نے‘بگ بیوٹی فل بل’ پر دستخط کردئے

,

   

تقریب میں آتش بازی، بی ٹو بمبار طیارے کی پرواز‘

واشنگٹن، 5 جولائی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کی سہ پہر وائٹ ہاؤس کے ساؤتھ لان میں ‘بگ بیوٹی فل بل’ پر دستخط کر دیے ۔میڈیا کے مطابق یہ وہ جشن ہے جس کا صدر ڈونالڈ ٹرمپ طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے ، ہفتوں کی محنت، دباؤ اور ریپبلکنز کو اپنے گھریلو میگا بل کی حمایت پر آمادہ کرنے کے بعد بالآخر یہ لمحہ آیا حالانکہ اس بل میں طبی دیکھ بھال میں کٹوتی، خسارے میں اضافہ اور سیاسی نقصانات جیسے خدشات موجود تھے ۔ٹرمپ نے یوم آزادی کی روایت کو ایک ایسے جشن میں بدل دیا جس میں نہ صرف امریکہ کی آزادی بلکہ کانگریس میں اپنی جیت کا بھی جشن منایا گیا۔ تقاریب میں ایک بمبار طیارے کی پرواز شامل تھی (جو حالیہ ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کا اشارہ تھی) اور نیشنل مال پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی شامل تھا۔ٹرمپ نے ساؤتھ لان کی بالکونی سے خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ کہا کہ ہم نے وعدے کیے تھے اور یہ وعدے واقعی پورے کرنے کا لمحہ ہے اور ہم نے انہیں پورا کر دیا۔ جمہوریت کی سالگرہ پر جمہوریت کی فتح ہوئی ہے۔ ٹرمپ نے چند ہفتے قبل بل کی منظوری کے لیے 4 جولائی کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی۔تقریب میں کانگریس کے اراکین کو مدعو کیا گیا تھا جن کے ساتھ فوجی خاندان بھی شامل تھے جو عام طور پر یوم آزادی کی پکنک میں شریک ہوتے ہیں، ٹرمپ نے اس قانون سازی کو ‘اپنی نوعیت کا سب سے بڑا بل’ قرار دیا۔یہ بل 2017 میں منظور شدہ ٹیکس کٹوتیوں میں توسیع کرتا ہے اور نئی ٹیکس کٹوتیاں بھی متعارف کراتا ہے جن کی مجموعی لاگت 45 کھرب ڈالر ہے ۔ اس میں امیگریشن نفاذ اور دفاع کیلئے فنڈنگ میں اضافہ بھی شامل ہے ۔ان اخراجات اور ٹیکس آمدنی میں کمی کی تلافی کیلئے بل میڈیکیڈ سے 10 کھرب ڈالر کی کٹوتی کرتا ہے ، ساتھ ہی فوڈ اسٹیمپ پروگرام میں بھی کمی کی گئی ہے لیکن کانگریس کے بجٹ آفس (سی بی او) کے مطابق یہ بل پھر بھی وفاقی خسارے میں 33 کھرب ڈالر کا اضافہ کرے گا، جو کہ قرض کی سروسنگ کی لاگت کو شامل نہیں کرتا۔سی بی او کے مطابق بل کے حکومتی پروگرامز میں کی گئی تبدیلیوں کے نتیجے میں تقریباً 1.2 کروڑ امریکی اپنی صحت کی کوریج سے محروم ہو سکتے ہیں جبکہ دیگر تجزیے یہ تعداد اس سے بھی زیادہ بتاتے ہیں۔ڈیموکریٹس پہلے ہی اس بل کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ یہ امیر افراد کو فائدہ پہنچانے کیلئے غریبوں سے فوائد چھین رہا ہے ۔ امریکی تاریخ اس بات سے بھری ہوئی ہے کہ صدور نے کانگریس میں اکثریت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قانون سازی کی، مگر بعد میں عوام تک اس کا فائدہ نہ پہنچانے پر افسوس کیا اور ان کی جماعت کو انتخابات میں نقصان اٹھانا پڑا ۔تقریب میں بی-2 اسٹیلتھ بمبار طیارے اور ایف 35 لڑاکا طیاروں کی پرواز نے حالیہ اہم واقعات کو نمایاں کیا جیسا کہ ایران پر حملے ، نیٹو کے اخراجات پر اتفاق، سپریم کورٹ میں صدارتی اختیارات کی توسیع اور ممکنہ غزہ جنگ بندی وغیرہ۔