امریکی صدر کا افریقی ممالک پر عائد سفری پابندیاں ہٹانے کا باضابطہ اعلان

   

واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن نے افریقی ممالک پر عائد سفری پابندیاں ہٹانے کا باضابطہ اعلان کردیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدرجوبائیڈن نے منگل کے روز اعلان کیا کہ 8 افریقی ممالک پر لگائی گئیں سفری پابندیاں 31 دسمبر کو رات 12 بجے ہٹادی جائیں گی۔ان کاکہنا تھا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے عائد سفری پابندیوں میں توسیع کی ضرورت نہیں ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی جانب سے افریقی ممالک پر عائد سفری پابندیاں ہٹا ئے جانے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اب امریکی صدر نے باضابطہ طور پر اس کی تصدیق کردی۔یاد رہے کہ کورونا کا نیا ویرینٹ سامنے آنے کے بعد امریکہ نے جنوبی افریقہ ،بوتسوانا، زمبابوے، نمیبیا، لیسوتھو، ایسواٹینی، موزمبیق اورملاوی پرسفری پابندیاں عائد کی تھیں۔