امریکی فوج نے رات کی تاریکی میں بگرام چھوڑ دیا کئی قیمتی ہتھیار چھوڑ گئے ۔ شہریوں کی لوٹ مار

   

کابل : افغان دارالحکومت سے پچیس کلومیٹر دور مسافت پر واقع صوبہ پروان کے ضلع بگرام سے امریکی فوج نے رات کی تاریکی میں کسی کو مطلع کئے بغیر علاقہ چھوڑ دیا اور شہریوں نے اس کا فائدہ اٹھاکر فوج کے قیمتی سامان لوٹ لئے۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے اپنے اور نیٹو افواج کے زیر استعمال بگرام ایئربیس کو دو روز قبل چھوڑا، جس کے بعد شہریوں نے وہاں پہنچ کر لوٹ مار مچائی اور قیمتی اشیا لے کر چلتے بنے۔ امریکی فوج کے بگرام ہوائی اڈہ سے جانے کے بعد بیرکوں اور گوداموں میں شہریوں نے لوٹ مار کی، فوجی اڈے کی بجلی بندکرنے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں ائیر بیس پر اسلحہ اور دیگر سامان بکھرا پڑا نظر آرہا ہے ۔افغان میڈیا نے کہا کہ ایئربیس سے چوری ہونے والاسامان مارکیٹ میں فروخت کیلئے آگیا ہے ۔ ایک شہری نے تو فوجی جوتوں کی دکان بھی کھول لی، اور سستے داموں میں فوجی بوٹ فروخت کررہا ہے ۔اس حوالے سے افغان حکومت اور فورسز پر شدید تنقید کی گئی اور کارکردگی پر مختلف سوالات بھی اٹھائے گئے ، جن میں سب سے اہم بات طالبان کے آگے فوجیوں کی خودسپردگی کا معاملہ ہے۔