امریکی قونصل خانہ میں3 مئی سے ویزا خدمات منسوخ

,

   

کورونا کیسس میں اضافہ کے سبب فیصلہ
حیدرآباد: امریکی قونصل خانہ حیدرآبا دنے 3مئی سے امریکی ویزوں کے لئے منعقد ہونے والے انٹرویو کے علاوہ دیگر خدمات کو غیر معینہ مدت کے لئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی قونصل خانہ حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ 3 مئی سے دی گئی تمام انٹرویو کی تواریخ کے علاوہ دیگر سرگرمیوں کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس مدت کے دوران امریکی شہریوں کے لئے ہنگامی خدمات اور ان کے لئے درکار ویزوں اور دیگر سہولتوں کے لئے قونصل خانہ کی جانب سے خدمات کا سلسلہ جاری رہے گا لیکن نان ایمگریشن ویزا کیلئے انٹرویو کے سلسلہ کو فوری اثر کے ساتھ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایمرجنسی اور طبی ضرورتوں کے پیش نظر قونصل جنر ل کو اس بات کا اختیار حاصل رہے گا کہ وہ کسی بھی درخواست گذار کی ہنگامی طبی ضرورت کو دیکھتے ہوئے اس کے متعلق فیصلہ کرے۔امریکی قونصل خانہ نے بتایا کہ 27اپریل سے امریکی شہریوں کے لئے روایتی خدمات کو معطل کردیا گیا ہے اور یہ خدمات تاحکم ثانی معطل رہیں گی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ امریکی شہریوں کو روایتی خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ ترک کردیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود ہنگامی خدمات مقامی حالات اور تحدیدات کو نظر میں رکھتے ہوئے جاری رہیں گی تاکہ کسی بھی امریکی شہری کو جو کہ فی الحال ہندستان میں ہے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔امریکہ کیلئے پروازوں کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا ہے لیکن ہندستان میں موجود امریکی سفارتخانہ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد امریکی قونصل خانہ میں خدمات کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ قونصل خانہ میں خدمات کو معطل کرنے کے فیصلہ کے ساتھ امریکی وزارت خارجہ اور سی ڈی سی کی جانب سے گذشتہ ہفتہ جاری کردہ سفری تجاویز کی بھی تشہیر کی جار ہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ امریکی شہریوں کیلئے سی ڈی سی اور وزارت خارجہ نے ہندستان کا سفر نہ کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ہندستان میں کورونا وائرس کی تباہ کن صورتحال کو دیکھتے ہوئے امریکی شہریوں کو یہ مشورہ دیا جا رہاہے کہ وہ ہندستان کے سفر کا ارادہ ترک کریں۔