انقرہ ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ترک صدر رجب طیب اردغان نے اسرائیل و فلسطین کے تنازعہ کے حل لیے امریکی منصوبے کی حمایت کرنے والے عرب ممالک پر سخت تنقید کی ہے۔ اردغان نے امریکی منصوبے کی حمایت کو فلسطینیوں اور انسانیت کے ساتھ ’غداری‘ سے تعبیر کیا۔ ترک صدر نے انقرہ میں اپنی پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں آج یہ بیان دیا۔ اردغان نے سعودی عرب، عمان، بحرین اور متحدہ عرب امارات کی خاموشی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اس ہفتے منگل کو مشرق وسطی کے دیرینہ تنازعے کے حل کے لیے اپنا منصوبہ پیش کیا تھا، جسے فلسطینی قیادت پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔