طلباء کو ویزوں کی اجرائی کو ترجیح دینے پر غور
حیدرآباد۔24۔نومبر(سیاست نیوز) امریکی ویزادرخواست گذاروں کی مشکلوں میں کمی کے بجائے اضافہ ہی ہوتا جار ہاہے ۔ امریکی سفارتی عہدیدارو ںکی جانب سے ویزادرخواست گذاروں کے انتظار کی مدت کو کم کرنے کے اقدامات کے سلسلہ میں کئے جانے والی کاروائیاں اور دیئے جانے والے تیقنات بے اثر ثابت ہونے لگے ہیں کیونکہ امریکی ویزادرخواست گذاروں کے انتظار کی مدت میں کمی ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔ گذشتہ دو یوم کے دوران ہندستانی شہریوں کے لئے امریکی ویزاکے لئے انٹرویو کا وقت حاصل کرنے کی کوششوں کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ انتظار کی مدت 3سال تک پہنچ چکی ہے اور اب جو درخواست گذار ویزاکے لئے درخواست داخل کررہے ہیں انہیں 994 دن بعد کی انٹرویو کی تاریخ دستیاب ہے۔ گذشتہ ماہ امریکی سفارتخانہ دہلی کے عہدیداروں نے دعویٰ کیا تھا کہ ہندستان سے B1اورB2 ویزا کے لئے موصول ہونے والی درخواستو ں کے علاوہ طلبہ کی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تمام قونصل خانوں کو اس بات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ درخواست گذاروں کی تعدادسے نمٹنے کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں لیکن اس کے باوجود بیشتر تمام قونصل خانوں میں ویزا انٹرویو کے لئے وقت حاصل کرنا انتہائی مشکل ہوچکا ہے جس کے سبب امریکی ویزاکے حصول کے خواہشمندوں کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سفارتی عہدیدارو ںکے مطابق تفریح اور عارضی دورہ کے علاوہ تجارتی اغراض کے لئے امریکہ کا سفر کرنے والے مسافرین کے بجائے امریکی حکام کی جانب سے امریکی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کو ترجیح دینے کے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اسی لئے زیادہ سے زیادہ سلاٹ انہیں فراہم کئے جا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ امریکی ویزا کے حصول کے لئے انٹرویو کے وقت میں ہونے والے اضافہ کی وجہ درخواست گذاروں کی تعداد میں اضافہ ہے۔ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران امریکی قونصل خانوں کو بند کئے جانے اور کورونا وائر س سے قبل کی درخواستوں کی عدم یکسوئی اور دوران وائرس درخواستوں کی وصولی کے سبب پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے سفارتی عہدیداروں نے کئی ایک ترامیم اور اقدامات کئے ہیں لیکن اس کے باوجود درخواستوں کی یکسوئی مکمل نہیں ہوپائی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران طلبہ کو ویزوں کی اجرائی کے لئے خصوصی یوم کے بجائے خصوصی ہفتہ کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے طلبہ کی ویزادرخواست کا جائزہ لیا جائے گا اور ان کے انٹرویو منعقد کرتے ہوئے درخواستوں کی یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق دیگر زمروں کے ویزاکی اجرائی کے عمل میں تاخیر کی بنیادی وجہ طویل مدت ویزوں کی عدم اجرائی ہے۔م