امریکی پولیس نے احتجاجی خاتون پروفیسر کو بھی نہ بخشا

   

نیویارک : فلسطینیوں کے حق میں کیے گئے احتجاج کے دوران امریکی پولیس نے یونیورسٹی کی خاتون پروفیسر کو گرا دیا اور ہتھکڑیاں لگا دیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف طلبا اور اساتذہ احتجاج کر رہے ہیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اٹلانٹا کی ایک یونیورسٹی میں احتجاج کے دوران طالب علم کو پکڑنے کی کوشش کے دوران خاتون پروفیسر کیرولین فوہلن نے پولیس کے درمیان آنے کی کوشش کی تھی۔ رپورٹس کے مطابق 65 سالہ خاتون پروفیسر نے پولیس اہلکاروں سے کہا کہ طالب علم سے دور ہو جاؤ تو ایک اہلکار نے انہیں زمین پر گرا دیا اور اسی دوران دوسرے پولیس اہلکار نے بھی خاتون پروفیسر کو زمین میں مزید دبانے میں مدد کی۔ بعدازاں دونوں پولیس اہلکاروں نے خاتون پروفیسر کے ہاتھ ان کی پیٹھ کے پیچھے باندھ دیئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق خاتون بار بار کہتی رہیں کہ میں ایک پروفیسر ہوں تاہم پولیس اہلکاروں نے ایک نہ سنی۔
اسرائیلی وزیر سڑک حادثہ میں زخمی
تل ابیب : اسرائیلی حکومت میں قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر ٹریفک حادثہ میں زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ ایتمار بن گویر فلسطینیوں سے دشمنی اور اپنی خون آشامی کے حوالہ سے بدنام زمانہ ہیں۔ تل ابیب سے عرب میڈیا کے مطابق انتہا پسند اسرائیلی وزیر ایتمار بن گویر کی گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق حادثہ میں وزیر ایتمار بن گویر، ان کی بیٹی اور ڈرائیور زخمی ہوگئے ہیں۔