نئی دہلی ۔ 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ سے 15 چنوک CH-47F(1) ہیوی لفٹ ہیلی کاپٹر جس کا ہندوستانی فضائیہ نے 2015ء میں امریکہ کو آرڈر دیا تھا، ہندوستان پہنچ چکے ہیں۔ یہ ہیلی کاپٹر ہندوستانی فضائیہ کے حوالہ جاریہ ماہ کے اوائل میں فلاڈلفیا میں کئے گئے تھے اور مندرا بندرگاہ (گجرات) اتوار کے دن پہنچ چکے ہیں۔ ہیلی کاپٹرس کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے بوئنگ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ CH-47F(1) چنوک چندی گڑھ منتقل کئے جائیں گے جہاں انہیں رسمی طور پر جاریہ سال کے اواخر میں ہندوستانی فضائیہ میں تعینات کیا جائے گا۔ چنوک ہیلی کاپٹر کی مقررہ آمد سے پہلے بوئنگ کی اس تیقن کی تکمیل ہوگئی ہے کہ وہ ہندوستانی فوج کی جدید کاری کرے گا۔ کمپنی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تازہ ترین شراکت داری کے ساتھ جو ہندوستانی فضائیہ اور ہندوستانی بحریہ کے ساتھ کی جارہی ہے، بوئنگ نے اس بات یقینی بنایا کہ اعلیٰ سطح پر چوکسی اور زیادہ کارروائی کی صلاحیتیں فروغ پاسکیں۔