امریکی کانگریس کی یوکرین کیلئے 12 ارب ڈالر امداد

   

واشنگٹن : امریکی ارکان کانگریس ان دنوں ایک عارضی اخراجات کے بل پر بحث کررہے ہیں۔ بحث کے دوران ارکان نے یوکرین کو 12 ارب ڈالر فوجی اور اقتصادی امداد دینے پر اتفاق کرلیا۔ بائیڈن انتظامیہ کی درخواست پر کانگریس کا حالیہ فیصلہ ریپبلکن اور ڈیموکریٹک دونوں امریکی پارٹیوں کی کیف کیلئے حمایت کی عکاسی کر رہا ہے۔ اس امداد میں 4.5ارب ڈالر سے یوکرین کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ کیا جائیگا۔ اس میں سے 2.7 ارب ڈالر سے فوجی، انٹیلی جنس اور دیگر دفاعی سازو سامان بھی یوکرین کو دیا جائیگا۔اس امداد میں وہ 4.5 ارب ڈالر بھی شامل ہونگے جن کے ذریعہ یوکرین میں اگلی سہ ماہی کے دوران حکومت کے بجٹ کو براہ راست سپورٹ کیا جائیگا۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ یوکرینی صدر زیلنسکی کی انتظامیہ کو ملازمین کی ضروری تنخواہوں کی ادائیگی تنازعات سے فرار ہونے والے شہریوں کی مدد اور دیگر اخراجات کیلئے یہ رقم ادا کی جارہی ہے۔واضح رہے اس ماہ بائیڈن نے کانگریس سے کہا تھا کہ وہ یوکرین کو 11.7 ارب ڈالر مالیت کی نئی ہنگامی فوجی اور اقتصادی امداد فراہم کرنے کی منظوری دے۔