کونسل جنرل کے طور پر جنیفر لارسن کی خدمات کی ستائش
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کونسل جنرل امریکہ برائے حیدرآباد کے طور پر جنیفر لارسن کی خدمات کی زبردست ستائش کی۔ میعاد کی تکمیل کے بعد جنیفر لارسن کی سبکدوشی کے موقع پر سریدھر بابو نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی اور تہذیبی رشتوں کے استحکام میں جنیفر لارسن نے اہم رول ادا کیا۔ تلنگانہ اور امریکہ میں روایتی رشتوں کا استحکام اور سفارتی خدمات میں بہتری کیلئے انہوں نے نمایاں کام کیا ہے۔ سریدھر بابو نے تلنگانہ کی روایات کی ترجمانی کے طورپر جنیفر لارسن کو ہینڈلوم کی ساڑی بطور تحفہ پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ اور امریکہ کے درمیان رشتوں میں مزید استحکام ہوگا اور کئی شعبہ جات میں اشتراک کے امکانات ہیں۔ سریدھر بابو نے آج امریکی کونسلیٹ میں 1.5 کروڑ سے تعمیر کردہ ویٹنگ ایریا کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کا ہر قدم عوام کی بھلائی کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے حیدرآباد میں واقع کونسلیٹ میں روزانہ 3000 سے زائد افراد ویزٹ کرتے ہیں۔ ویٹنگ کی سہولتوں میں کمی کے سبب عوام کو دشواریوں کا سامنا تھا اور حکومت نے بہتر ویٹنگ ایریا کی فراہمی کا فیصلہ کیا۔ تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے ذریعہ عصری سہولتوں کے ساتھ ویٹنگ ایریا تعمیر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت امریکہ کے ساتھ رشتوں کے استحکام کے لئے سنجیدہ ہے۔ فارما ، ایرو اسپیش ، الیکٹرانکس اور الیکٹرک وہیکلس کے شعبہ جات میں امریکہ سے تعاون کے امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی پروفیشنلس کی زائد تعداد ہے۔ جنوری میں امریکہ کی کمپنیوں نے تلنگانہ میں 31500 کروڑ کی سرمایہ کاری کی ہے۔ تقریب میں جنیفر لارسن اور دیگر سفارتی عہدیداروں نے شرکت کی۔1