کورونا وباء سے تعمیری کام متاثر، نئی عمارت میں ویزا سہولتوں میں اضافہ
حیدرآباد: امریکی کونسلیٹ حیدرآباد جو بیگم پیٹ کی پائیگاہ پیالس سے خدمات انجام دے رہا ہے ۔ آئندہ سال فینانشیل ڈسٹرکٹ گچی باؤلی کے قریب تعمیر کی جارہی نئی عمارت میں منتقل ہوجائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ گچی باؤلی میں حکومت کی جانب سے الاٹ کی گئی اراضی پر کونسلیٹ کی تعمیر کا کام جاری ہے جو توقع ہے کہ 2022 ء کے وسط تک مکمل ہوجائے گا ۔ تعمیری کام طئے شدہ پروگرام کے مطابق جاریہ سال مکمل ہونا تھا ۔ تاہم کورونا وباء اور پابندیوں کے نتیجہ میں نئی عمارت کی تعمیر میں تاخیر ہوئی ہے۔ حیدرآباد کا امریکی کونسلیٹ تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش اور اڈیشہ کے عوام کے لئے خدمات انجام دیتا ہے۔ تعمیری کام میں تاخیر کے بارے میں کونسلیٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کے نتیجہ میں کام متاثر ہوا ہے ۔ صحت اور دیگر سیفٹی پروٹوکول کے ساتھ تعمیری کام جاری ہے جو توقع ہے کہ آئندہ سال کے وسط تک مکمل ہوجائے گا ۔ نئے کونسلیٹ کی عمارت میں ویزا کے حصول کیلئے سہولتوں میں مزید اضافہ ہوگا ۔ موجودہ عمارت میں انٹرویو کیلئے 14 کاؤنٹرس ہیں جبکہ نئی عمارت میں یہ تعداد بڑھاکر 54 کردی جائے گی ۔ نئی عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں ماحولیاتی تحفظ کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔ 12 ایکر اراضی پر وسیع و عریض کونسلیٹ تعمیر کیا جارہا ہے جس میں سولار پیانل ، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور روشنیوں کا خصوصی انتظام رہے گا۔