حیدرآباد ۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) امریکی یونیورسٹی میں داخلہ کے نام پر 3 کروڑ 25 لاکھ روپئے کا جھانسہ دینے والے میاں بیوی کو سائبرآباد پولیس کو ایکنامک ایفنس ونگ نے گرفتار کرلیا۔ مادھاپور علاقہ کے ساکن شکایت گذار شخص سنجیوا کمار کی شکایت پر پولیس نے کارروائی انجام دی اور پی راگھورام اور اس کی بیوی پی سنیتا ساکنان مادھاپور کو گرفتار کرلیا۔ سنجیوا کمار اپنے بیٹے کو اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکہ روانہ کرنا چاہتا تھا اور امریکہ کی اسٹان فورڈ یونیورسٹی میں داخلہ کا خواہشمند تھا۔ اس نے راگھورام سے رابطہ کیا۔ راگھورام اور اس کی بیوی نیتا نے فرضی دستاویزات کو تیار کیا اور ایک کردار کو تیار کیا۔ انہوں نے سمنت نامی کردار کو تیار کرتے ہوئے سنجیوا کمار کو یقین دلایا کہ سمنت وائیٹ ہاؤز امریکہ میں کام کرتا ہے جو یونیورسٹی میں داخلہ کیلئے مدد کرے گا۔ ان سب باتوں کا شکار بنا کر دھوکہ باز میاں بیوی نے شکایت گذار سے 3 کروڑ 25 لاکھ روپئے حاصل کرلئے اور سمنت سے ملاقات کیلئے امریکہ روانگی کی اطلاع دیتے ہوئے میسور میں وقت گذارا۔ ایک فرضی نمبر سے واٹس ایپ پر بات چیت کرتے تھے اور شکایت گذار کو یقین دلایا کرتے تھے کہ ان کی بات سمنت سے ہورہی ہے۔ ایڈمیشن نہ ہونے پر دھوکہ دہی کا شکار شخص نے سائبرآباد سے شکایت کردی اور اکنامک ایفنس ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔ع