امن متاثر کرنے کی کوشاں بی جے پی کو روند دیا جائیگا ۔ کے ٹی آر

,

   

عوام کو معلوم ہے کہ بی جے پی کو کس طرح سے سبق سکھایا جائے ۔ پکوڑے بیچنے کا مشورہ دینے والے ترقی کیا دینگے

حیدرآباد۔ حیدرآبادیوں کو معلوم ہے کہ بی جے پی کو کس طرح سبق سکھایا جاسکتا ہے۔ شہر حیدرآباد تلنگانہ کا دل ہے اور ہر حیدرآبادی کی دھڑکن امن و بھائی چارہ کا پیغام دیتی ہے۔ شہر کے ماحول کو بگاڑ کر اس پر قبضہ کرنے کی بی جے پی انتھک کوششیں کررہی ہے جس کو کبھی پورا ہونے نہیں دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے کارگذار صدر کے ٹی آر نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی قیادت حیدرآباد کے ماحول کو بگاڑنے ، تلنگانہ کے امن و بھائی چارہ پر آنچ نہیں آنے دیگی بلکہ بی جے پی کو گھٹنوں کے بل روند دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں بی جے پی فرقہ پرستی کو ہوا دیتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے کی دوڑ میں ہے لیکن بی جے پی کو اس بات کا علم نہیں ہے کہ ٹی آر ایس اس کے تعاقب میں ہے اور ہر سازش کو ناکام بنادیا جارہا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ قطعی فیصلہ تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد کی عوام کے ہاتھ میں ہے اور حیدرآبادیوں کو معلوم ہے کہ بی جے پی کو کس طرح سبق سکھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام فیصلہ کریں گے کہ انہیں امن و سکون چاہیئے، ترقی چاہیئے یا پھر امن کے دشمن بی جے پی والے چاہئیں۔ ریاستی وزیر نے بی جے پی کو بے چینی پیدا کرنے والا شرپسند ٹولہ قرار دیا

اور کہا کہ عوامی شعبوں کو خانگیانہ میں مہارت رکھنے والوں کی سنہرے تلنگانہ کی تعمیر میں کوئی جگہ نہیں۔ بنیادی مسائل کو چھوڑ کر مسلمان یا پاکستان جیسے نعرہ بلند کرنے والوں سے کبھی اچھی توقع نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے شہر کا رخ کررہے بی جے پی قائدین کو موسمی کوے قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایک نے پکوڑے بیچنے کی بات کی تو دوسرا بنڈی ڈھکیل کر حیدرآباد آیا ہے جبکہ قربانیوں امن و بھائی چارے کے ہندو مسلم مثالی اتحاد سے حاصل کی گئی ریاست میں ایسے کسی پرندے کو جگہ نہیں جوسایہ دینے والے کو اندھا کردے۔ انہوں نے بی جے پی پر فرقہ وارانہ ماحول کو ہوا دینے اور دنگا بھڑکانے کی سازشوں کا الزام لگایا اور کہا کہ حیدرآباد کو عالمی سطح پر ایک منفرد شناخت حاصل ہوئی ہے اور دنیا بھر میں تاریخی شہروں کی اہمیت ہے۔ انہوں نے پرانے شہر کو سیاحت کا نیا شہر بنانے کا وعدہ کیا اور کہا کہ دنیا کے نقشہ میں پرانے شہر کو بہت جلد مقام حاصل ہوگا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد ہندو مسلم اتحاد اور گنگا جمنی تہذیب کا علمبردار ہے اور یہ اتحاد بی جے پی کو غرق کردے گا اور جنوبی ہند میں اس کے زوال کا آغاز حیدرآباد سے کیا جائیگا۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ امن و سکون اور ترقی کیلئے ٹی آر ایس کو کامیاب بنائیں جس کی حکومت نے حیدرآباد کو ہر شعبہ میں عالمی سطح تک پہنچادیا۔ خواتین کا تحفظ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، ترقی، تعمیر ، تعلیم، طب، روزگار اور سرمایہ کاری کے حیدرآباد میں بے شمار مواقع ہیں اور بی جے پی ان تمام کو تباہ و برباد کردے گی۔