امن معاہدہ توڑنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں: ترجمان طالبان

   

کابل 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) طالبان نے امریکی میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 29 فروری کو امریکہ کے ساتھ طے پانے والے ’امن معاہدے‘ پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔ طالبان ترجمان سہیل شاہین نے اپنی ٹوئٹ میں امریکی ٹی وی پر شائع ہونے والے امریکی خفیہ ادارے کے تین اہلکاروں کے دعووں کی تردید کی ہے۔ مذکورہ خبر میں خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے دعویٰ کیا تھا کہ طالبان امریکہ کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ برقرار رکھنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔خبر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ امریکی فوج کے انخلا کے بعد طالبان افغان حکومت گرا کر خود اقتدار پر قابض ہو سکتے ہیں۔ البتہ، سہیل شاہین نے ان دعووں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ امن معاہدے پر عمل درآمد تسلی بخش رفتار میں آگے بڑھ رہا ۔