نرمل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر جانکی شرمیلا سے نمائندہ سیاست کی بات چیت
نرمل۔/21 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) والدین کم عمر بچوں کو گاڑیاں چلانے سے روکیں کیونکہ قانون ایسے واقعات پر سرپرستوں پر کارروائی کرے گا۔ نوجوانوں کو بھی چاہیئے کہ وہ ٹریفک قوانین کے دائرہ میں رہتے ہوئے تیز رفتاری سے احتیاط کریں۔ حادثاتی اموات میں والدین پر کیا گذرتی ہے اس کا اندازہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار نرمل کی نئی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محترمہ ڈاکٹر جانکی شرمیلا نے آج نمائندہ سیاست سید جلیل ازہر کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نرمل ضلع میں امن و امان کی برقراری کیلئے سارے ضلع کی پولیس چوکس ہے ہر علاقہ میں عبادت گاہوں کے پاس خصوصی پکیٹس قائم کئے گئے ہیں۔ پولیس پٹرولنگ کے ساتھ ساتھ سادہ لباس میں بھی پولیس کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ محترمہ جانکی شرمیلا نے بتایا کہ امن وامان کی برقراری میں عوام کا تعاون بھی ضروری ہے، ساتھ ہی انہوں عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی افواہوں پر کان نہ دھریں۔ قریبی پولیس اسٹیشن میں کوئی بھی اجنبی شخص نظر آئے تو فوری پولیس کو اطلاع دیں۔ قانون اپنا کام کرے گا، کسی بھی صورت میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پولیس ہمیشہ متحرک رہے گی۔ انہوں نے بالخصوص نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ جوانی کے جوش میں تیز رفتار گاڑیاں چلانے کے رجحان نے کئی گھر اجاڑے ہیں بلکہ نسل نو کے گاڑیوں کے شوق نے والدین کا سکون چھین لیا ہے، نوجوانوں کو اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ حادثات کی روک تھام کے لئے پولیس اپنا کام کررہی ہے پھر بھی حادثات کی اموات سے کئی گھر اجڑ رہے ہیں۔ محترمہ جانکی شرمیلا نے سلسلہ گفتگو جاری رکھتے ہوئے سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کریں کیونکہ تعلیم یافتہ نسل ہی ایک تہذیب یافتہ معاشرہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوام کو چاہیئے کہ وہ بلا تفریق ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہوئے ایک دوسرے کی تقاریب اور تہوار کی خوشیاں آپس میں بانٹیں یہی انسانیت ہے۔ قومی یکجہتی کو فروغ دیتے ہوئے گنگا جمنی تہذیب کو پروان چڑھانا چاہیئے۔ واضح رہے کہ نرمل ضلع کے تمام علاقوں میں انہوں نے پولیس عہدیداروں کو متحرک کرتے ہوئے ہر صورت میں لاء اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے متحرک کردیا ہے۔ یہاں یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ نرمل ضلع میں ڈاکٹر جانکی شرمیلا IPS پہلی خاتون ایس پی ہیں۔