عصری سہولتوں سے آراستہ 7 نئے پولیس اسٹیشنوں کا افتتاح، پولیس کو عوام کی بہتر خدمت کا مشورہ
حیدرآباد۔/16نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ پولیس اپنی کارکردگی کے اعتبار سے ملک کیلئے مثالی بن چکی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پولیس کو عصری بنانے پر خصوصی توجہ دی جس کے نتیجہ میں جرائم پر بروقت قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ تلنگانہ فرقہ وارانہ فسادات سے پاک ریاست بن چکی ہے اور جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ وزیر داخلہ آج آصف آباد ضلع میں نئے پولیس اسٹیشن کے افتتاح کے بعد خطاب کررہے تھے۔ وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی اور مقامی عوامی نمائندوں کے ہمراہ وزیر داخلہ نے 12.30 کروڑ سے تعمیر کردہ 7 عصری سہولتوں سے آراستہ پولیس اسٹیشنوں کی عمارتوں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن و ضبط کی برقراری کے معاملہ میں تلنگانہ ریاست ملک کیلئے ماڈل ریاست بن چکی ہے۔ ارکان اسمبلی کے کونپا، اے سکو، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، ضلع پریشد صدرنشین کے لکشمی، صدرنشین پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن کے دامودھر گپتا، کلکٹر راہول راج، ایس پی سریش کمار اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ کاغذ نگر کے دورہ کے موقع پر وزیر داخلہ نے ایک کروڑ روپئے کے صرفہ سے تعمیر کئے گئے کاغذ نگر رورل پولیس اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ انہوں نے30 لاکھ روپئے سے تعمیر کئے گئے سرکل انسپکٹر کے دفتر کی عمارت کا افتتاح کیا۔ کاغذ نگر رورل پولیس اسٹیشن پر2 کروڑ 50 لاکھ کا خرچ آیا ہے۔ اس کے علاوہ کوٹالہ پولیس اسٹیشن، پنچیکل پیٹ پولیس اسٹیشن، چنتلہ وانی پلی پولیس اسٹیشن کی عمارتوں کا افتتاح انجام دیا گیا۔ ریاستی وزراء نے اس موقع پر شجرکاری کی۔ ریاستی وزراء نے پولیس اسٹیشنوں میں موجود عصری سہولتوں کا جائزہ لیا اور کہا کہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے کیلئے حکومت نے نئے پولیس اسٹیشنوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس اسٹیشن میں رسپشن کم ویٹنگ ہال، اینٹی روم، اسٹیشن ہاوز آفیسر روم، ریٹائر روم، انٹرویو راہداری، کمیونکیشن روم اور سی سی کیمرے کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزراء نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئی ریاست تلنگانہ میں امن و ضبط کی صورتحال پر خصوصی توجہ دی ہے کیونکہ ترقی کیلئے امن ضروری ہے۔ محکمہ پولیس کو مستحکم کرنے کیلئے تقررات کئے گئے۔وزیر داخلہ نے پولیس کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کی بہتر خدمت کو اپنا شعار بنائے۔ر