چینائی :کرناٹک انتخابات کے دوران امول اورمقامی دودھ نندنی کے تنازعہ کے بعد چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ایک خط لکھا ہے، جس میں امول کو ٹاملناڈو ریاستی کوآپریٹو، آوین کے شیڈ سے دودھ حاصل کرنے سے روکنے کیلئے مداخلت کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے ہندوستان میں ایک دوسرے کے دودھ والے علاقوں پر قبضہ کیے بغیر کوآپریٹیو کو ترقی کرنے کی اجازت دینے کے دیرینہ رواج پر زور دیا۔ انہوں نے لکھا کہ اس طرح کی کراس پروکیورمنٹ ‘آپریشن وائٹ فلڈ’ کی خلاف ہے اور ملک میں دودھ کی قلت کے موجودہ حالات کے پیش نظر صارفین کیلئے مسائل میں اضافہ ہوگا۔ امول کا یہ عمل آوین کے دودھ کے شیڈ کے علاقے کی خلاف ورزی کرتا ہے جس کا فروغ کئی دہائیوں سے حقیقی تعاون کے جذبے سے ہوا ہے۔ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست میں امول دودھ کی فروخت کے مقابل مقامی نندنی کا تنازعہ پیدا ہوگیا تھا ۔ کرناٹک میں بھی اُس وقت ریاست میں اس کی مخالفت کی تھی ۔ اب یہ مسئلہ کرناٹک سے ٹاملناڈو پہنچ گیا ہے ۔