امیتابھ بچن نے دھرمیندر کی عیادت کی ،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

   

ممبئی 13نومبر (یو این آئی) بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن گزشتہ شب ممبئی کے جوہو علاقے میں واقع اداکار دھرمیندر کے بنگلے پر پہنچے ، جہاں ان کی آمد کا ویڈیو چند ہی گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔ ویڈیو میں امیتابھ بچن کو اپنی الیکٹرک کار چلاتے ہوئے دھرمیندر کی رہائش گاہ کے قریب دیکھا گیا۔ جیسے ہی ان کے مداحوں کو خبر ملی کہ بچن جوہو پہنچے ہیں، دھرمیندر کے گھر کے باہر بڑا ہجوم جمع ہوگیا۔دھرمیندر کی طبیعت کچھ عرصے سے ناساز ہے اور حال ہی میں انہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کی نگرانی میں بہتر ہونے کے بعد انہیں گھر منتقل کر دیا گیا ہے ، جہاں وہ زیر علاج ہیں۔ ان کی اہلیہ ہیما مالنی اور بچوں نے باری باری ان کی دیکھ بھال کا ذمہ سنبھالا ہوا ہے ۔امیتابھ بچن اور دھرمیندر کی دوستی بالی ووڈ کی کلاسک فلم شعلے سے جڑی ہوئی ہے ، جس میں دونوں نے یادگار کردار جئے اور ویرو کے طور پر ادا کیے ۔ اس کے بعد دونوں نے ‘گڈی’ سمیت کئی دیگر فلموں میں بھی ایک ساتھ کام کیا۔ فلمی پردے پر قائم ان کی کیمسٹری آج بھی مداحوں کے دلوں میں تازہ ہے، جبکہ ان کا ذاتی تعلق بدستور مضبوط ہے ۔