18 لاکھ رکنیت سازی کا نشانہ، یکم اگسٹ سے بھاری رکنیت سازی کا منصوبہ
حیدرآباد۔/27 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی جے پی کو مستحکم کرنے کا بیڑہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اٹھایا ہے اور وہ تلنگانہ سے رکنیت حاصل کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ پارٹی کارکنوں میں جوش و خروش پیدا کیا جاسکے۔ بی جے پی کے اعلیٰ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ حیدرآباد یا شہر کے اطراف کے کسی ضلع سے پارٹی کی رکنیت حاصل کریں گے۔ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں تلنگانہ میں پارٹی کو برسر اقتدار لانے کے نشانہ کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ میں پارٹی کی رکنیت سازی کا 6جولائی کو آغاز کیا تھا۔ پارٹی کی سرگرم رکنیت کیلئے 20 افراد کو عام رکن کی حیثیت سے شامل کرنا ہوتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں پارٹی کی رکنیت سازی کا نئی دہلی میں اعلیٰ قائدین نے جائزہ لیا۔ تلنگانہ میں 18 لاکھ رکنیت سازی کا نشانہ مقرر کیاگیا ہے اور ابھی تک 5 لاکھ افراد نے رکنیت حاصل کرلی۔ پارٹی کے رکنیت سازی انچارج این دھرما راؤ کے مطابق یکم تا 7 اگسٹ 12 لاکھ مکانات پہنچ کر رکنیت سازی کرنے کی تجویز ہے۔ 33 ہزار پولنگ بوتھ کے حدود میں روزانہ ایک بوتھ پر 100 افراد کی رکنیت سازی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ 6800 قائدین ایک ہفتہ تک مسلسل رکنیت سازی مہم میں مصروف رہیں گے۔ متحدہ عادل آباد، کریم نگر، حیدرآباد اور رنگاریڈی اضلاع میں بی جے پی کی رکنیت حاصل کرنے کیلئے عوام میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
