آندھراپردیش کے وزیر کے خلاف برسر اقتدار پارٹی قائد کی شکایت
حیدرآباد۔4 ۔ فروری (سیاست نیوز) نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کا وقت طلب کرتے ہوئے آندھراپردیش کا ایک نوجوان میڈیا اور عوام کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے ۔ پرکاشم ضلع کے اونگول سے تعلق رکھنے والے وائی ایس آر کانگریس کے کارکن سبا راؤ گپتا نے نئی دہلی پہنچ کر جنتر منتر علاقہ میں ایک پلے کارڈ کے ساتھ عوام کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ۔ تلگو زبان میں لکھی گئی اس تحریر میں وائی ایس آر کانگریس قائد نے امیت شاہ سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ اس نوجوان کا کہنا ہے کہ حال ہی میں ریاستی وزیر بی سرینواس ریڈی کے حامیوں نے اس پر حملہ کیا ہے اور اس واقعہ کے بارے میں شکایت کرنے نئی دہلی پہنچا ہے۔ نوجوان نے لکھا کہ مجھے اور میرے خاندان کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے مرکزی وزیر داخلہ کو مکتوب روانہ کروں گا ۔ ریاست میں پولیس مجھ سے انصاف نہیں کر رہی ہے۔ ریاستی وزیر نے منصوبہ بند انداز میں مجھ پر حملہ کرایا۔ سرینواس کو وزارت سے برطرف کیا جائے ۔ سبا راؤ نے کہا کہ وہ امیت شاہ سے ملاقات تک دہلی میں قیام کریں گے ۔ واضح رہے کہ برسر اقتدار پارٹی سے تعلق رکھنے والا یہ نوجوان خود اپنی حکومت کے وزیر کے خلاف دہلی میں امیت شاہ شکایت کرنے پہنچا ہے۔ ر