وزارت داخلہ کے سینئر عہدیدار پہلے ہی جموں و کشمیر پہنچ چکے ہیں، عمر عبداللہ بھی ملاقات کریں گے
سری نگر : مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے تین روزہ دورہ جموں و کشمیر کے پیش نظر وادی کشمیر، بالخصوص شہر سری نگر اور اس کے مضافات میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر داخلہ 6 اپریل، اتوار کو جموں و کشمیر کے تین روزہ دورہ پر جموں پہنچ رہے ہیں۔ وزیر داخلہ کے اس اہم دورہ کے مدنظر حکام نے وادی، بالخصوص سری نگر شہر اور اس کے گردونواح میں سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ کو ناکام بنانے کے لیے بڑی تعداد میں سیکوریٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے ہفتہ کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ تمام علاقوں میں سخت چیکنگ اور نگرانی کا سلسلہ جاری ہے ، اور شہر میں ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے ۔ جدید ہتھیاروں سے لیس سیکوریٹی اہلکار مکمل طور پر چوکس اور الرٹ ہیں۔ نامہ نگار کے مطابق، ناکوں پر مسافر بردار گاڑیوں کی مکمل تلاشی لی جا رہی ہے اور ان میں سوار مسافروں کے جامہ تلاشی کے ساتھ ساتھ شناختی کارڈز کی جانچ پڑتال بھی کی جا رہی ہے ۔ کئی مقامات پر راہگیروں کو بھی روک کر ان کی تلاشی لی جا رہی ہے ۔ رپورٹس کے مطابق، اپنے دورہ کے دوران وزیر داخلہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اہم میٹنگیں کریں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امیت شاہ کے اس دورہ کے پیش نظر وزارت داخلہ کے سینئر افسران پہلے ہی جموں و کشمیر پہنچ چکے ہیں، جو سری نگر اور جموں دونوں شہروں میں سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے ۔ دریں اثنا جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کے صدر ست شرما کا کہنا ہے کہ امیت شاہ کے دورے کے پیش نظر بی جے پی نے تمام تیاریوں کو آخری شکل دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق امیت شاہ 6 اپریل کو جموں پہنچیں گے ، جہاں دو دن قیام کے بعد وہ 7 اپریل کی شام کو سری نگرجائیں گے ۔سری نگر میں قیام کے بعد وہ 8 اپریل کو نئی دہلی واپس روانہ ہوں گے ۔ اپنے جموں قیام کے دوران امیت شاہ ممکنہ طور پر سرحدی علاقوں کا دورہ کریں گے اور سکیورٹی ایجنسیوں و مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ الگ الگ میٹنگیں کریں گے ۔ دورہ کے دوران وزیر داخلہ کئی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔ سری نگر قیام کے دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بھی ان سے ملاقات کریں گے ۔