لوک سبھا چناؤ کی حکمت عملی پر پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔18 ۔ جنوری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 28 جنوری کو کریم نگر کا دورہ کریں گے اور لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی پر پارٹی قائدین اور کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے۔ کریم نگر پارلیمانی حلقہ کے تحت بی جے پی قائدین کے کلسٹر اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے امیت شاہ لوک سبھا چناؤ کے سلسلہ میں مفید مشوروں سے نوازیں گے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور قومی جنرل سکریٹری بنڈی سنجے نے آج سرسلہ میں منعقدہ کارکنوں کے اجلاس میں یہ انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک پولنگ بوتھ کے حدود میں 20 سرگرم کارکنوں جبکہ لوک سبھا حلقہ کے تحت 40 ہزار سرگرم کارکن امیت شاہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کے دورہ کا مقصد لوک سبھا چناؤ کے لئے پارٹی قائدین کو متحرک کرنا ہے۔ وہ 700 قائدین کے ساتھ علحدہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے سیاسی صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بی جے پی کی لہر دیکھتے ہوئے بی آر ایس اور کانگریس قائدین لوک سبھا چناؤ میں حصہ لینے سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی 17 لوک سبھا نشستوں میں زائد نشستوں پر بی جے پی کامیاب ہوگی۔ بنڈی سنجے نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کو شکست دینے کانگریس و بی آر ایس متحد ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت تلنگانہ میں انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ 1