ڈاکٹر نارائنا اور دیگر گرفتار‘سیاسی سرگرمیوں پر تین دن سے پابندی
حیدرآباد۔/14نومبر، ( سیاست نیوز) تروپتی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ کے موقع پر سی پی آئی نے احتجاج منظم کیا ۔ پارٹی نے عوامی مسائل پر امیت شاہ سے ملاقات کا منصوبہ بنایا لیکن اجازت نہیں دی گئی۔ گزشتہ تین دن سے تروپتی میں غیر معلنہ تحدیدات عائد ہیں۔ امکانی احتجاج کے پیش نظر پولیس نے سیاسی جماعتوں کو مکتوب روانہ کرکے کسی سرگرمی سے گریز کا مشورہ دیا تھا۔ سی پی آئی قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا اور دوسروں کو آج صبح ابتدائی ساعتوں میں اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب وہ مارننگ واک پر نکلے۔ پارٹی نے اپنے دفتر کے روبرو احتجاج کرکے امیت شاہ واپس جاؤ، کے نعرے لگائے۔ پولیس اور سی پی آئی کارکنوں میں تکرارہوئی اور ماحول کشیدہ ہوگیا۔ پولیس نے احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا۔ اسی دوران ڈاکٹر نارائنا نے کہاکہ امیت شاہ کے دورہ کے پیش نظر تین دن سے سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی پالیسیوں کے خلاف سی پی آئی احتجاج کرنا چاہتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شعبہ کے اداروں کو کارپوریٹ شعبہ کے حوالے کرنے کی پارٹی مخالفت کرتی ہے۔ اسی دوران سی پی آئی ریاستی سکریٹری کے رام کرشنا نے ڈاکٹر نارائنا اور دیگر کی گرفتاری کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی کو پُرامن احتجاج کی اجازت نہیں دی گئی ۔ جمہوریت میں سیاسی جماعتوں کو احتجاج کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے آندھرا پردیش سے ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کا منصوبہ تھا۔ر
