امیر شریعت مولانا ولی رحمانیؒ کا سانحہ ارتحال ملت کا بڑا خسارہ : جمعیتہ علماء

   

حیدرآباد :۔ خانقاہ رحمانی کے سجادہ نشین امیر شریعت بہار ، اڈیشہ و جھارکھنڈ و جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مولانا ولی رحمانی علیہ الرحمہ کے انتقال پر ملال پر صدر جمعیتہ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی اور دیگر ذمہ داروں نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ مولانا مرحوم ملت کے ہر طبقہ میں مقبول اور ہر دل عزیز تھے ۔ اعتدال ، توازن ، توسع اور کشادہ نظری ان کی نمایاں خصوصیات تھیں ، ایسی شخصیت کا ملک کے موجودہ حالات میں اس دنیا سے رخصت ہوجانا ایک عظیم سانحہ ہے ۔ مولانا رحمانی کی اچانک رحلت نے لاکھوں لوگوں کو سوگوار کردیا ہے جس پر سبھی تعزیت کے مستحق ہیں مگر خصوصاً مسلم پرسنل لا بورڈ اور اس کے اراکین کے لیے یہ ایک بہت بڑا حادثہ ہے ۔ حضرت کے وصال کی خبر ملنے پر جمعیتہ علماء تلنگانہ و آندھرا کے مختلف حلقوں میں حضرت کے لیے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کی نشستیں منعقد کی گئی ، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کا ملت کو بہترین نعم البدل نصیب فرمائے ۔ ان کی بال بال مغفرت فرمائے اور ان کے پسماندگان کی نگہبانی فرمائے ۔ ( آمین ) ۔۔