امیر پیٹ تا ہائی ٹیک سٹی میٹروریل کاآج آغاز

   

حیدرآباد ۔ 19 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام) امیر پیٹ تا ہائی ٹیک سٹی میٹرو ریل کا حیدرآبادی عوام کو جو انتظار تھا اب وہ کل 20 مارچ کو ختم ہونے والا ہے کیونکہ کل گورنر ای ایس ایل نرسمہن مذکورہ راستے پر جھنڈی دکھا کر میٹرو ریل خدمات کا آغاز کریں گے۔امیر پیٹ تا ہائی ٹیک سٹی کا یہ فاصلہ دس کلومیٹر طویل ہے اس راستے پر امیر پیٹ بشمول دیگر ریلوے اسٹیشنز کی تعداد10ہوگئی۔ امیر پیٹ تا ہائی ٹیک سٹی راستے پر میٹرو ریل کی خدمات کے آغاز کے بعد ہائی ٹیک سٹی ، مادھو پور، گچی باؤلی اور جوبلی ہلز کی آئی ٹی ،آئی ٹی ایس اور دیگر دفاتر کے ملازمین کے لئے راحت حاصل ہوگی کل گورنر کی جانب سے افتتاح ہونے کے بعد اسی دن شام 4 بجے سے اس راستے پر میٹرو ریل خدمات کا آغاز بھی کردیا جائے گا۔ امیر پیٹ تا ہائی ٹیک سٹی دس کلومیٹر کے فاصلے پر 9 اسٹیشنس موجود ہیں اور یہ ترونی نگر مدھورا نگر، یوسف گوڑا، جوبلی ہلز روڈ نمبر 5 ،جوبلی ہلز چیک پوسٹ ، پدما گوڑی، مادھو پور ،دورگم چیرو، ہائی ٹیک سٹی قابل ذکر ہیں۔ دریں اثنا ترونی نگرمدھورا نگر اسٹیشن کو خواتین اور بچوں کی سہولیات کے لیے ترقی دیا گئی ہے کیونکہ اس اسٹیشن پر خواتین کے لئے گھریلو ضروریات کی چیزیں فراہم کرنے کے لئے 2 اکڑ اراضی پر ویمنس سینٹر اسٹیشن بنایا گیا ہے تاکہ انہیں شاپنگ کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں اور ساتھ ہی بچوں کی ضروریات کی چیزیں بھی اس اسٹیشن پر مہیا کردی جائیں گی۔ امیر پیٹ تا ہائی ٹیک سٹی میں ریل اسٹیشن کی عوام کو اس لئے بھی ضرورت تھی اور انتظار کیا جارہا تھا کیونکہ پنجہ گٹہ تا جوبلی ہلز اور ہائی ٹیک سٹی جانے والوں کے لئے ٹرافک کا بہت بڑا مسئلہ ہے

اور امید کی جا رہی تھی کہ اس ریلوے خدمات کے ذریعے اس مسئلے کا حل ہوجائے گا۔کل شام چاربجے جو عوام کے لئے یہاں میٹرو ریل کا آغاز ہوگا تو ان اسٹیشنوں پر ٹرین ہر 9 تا 12 منٹ کے وقفہ سے دستیاب رہیں گی حالانکہ شہر کے دوسرے اسٹیشنوں پر ہر چھ منٹ میں ایک ٹرین دستیاب ہوتی ہے لیکن امیر پیٹ اور ہائی ٹیک سٹی کے اس راستے پر ابتدا میں ایک ایک ٹرین کے درمیان وقفہ 9 تا 12 منٹ کے درمیان ہوگا۔ حکام نے واضح کر دیا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں تو ٹرین کی خدمات کسی قدر زیادہ وقفے سے ہوگی لیکن آنے والے دنوں میں ایک ٹرین کے بعد دوسری ٹرین کی دستیابی کے لئے وقت کو کم سے کم کر دیا جائے گا کیونکہ اس راستے پر ریلیں ٹوئن سنگل لائن نظام کے تحت چلائی جائیں گی۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ پہلے امیر پیٹ تا ہائی ٹیک سٹی کے راستے پر میٹرو ریل تو چلائی جائے گی لیکن ابتدائی مرحلے میں جوبلی ہلز چیک پوسٹ ، پدما گوڑی اور مادھو پور کے لئے اسٹیشنس دستیاب نہیں ہوں گے کیونکہ چند دنوں کے بعد ان اسٹیشنس کو عوامی خدمات کے لئے کھول دیا جائے گا۔ اس راستے پر ٹرین خدمات کے آغاز سے ناگول تا ہائی ٹیک سٹی کا فاصلہ 27 کلومیٹر آسانی سے طے کیا جاسکے گا جبکہ میاں پور ، ایل بی نگر کا راستہ 29 کلومیٹرس کا ہوگا جس کے لیے امیرپیٹ میٹرو اسٹیشن پر ٹرین تبدیل کرنی ہوگی۔