حیدرآباد۔/2اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کے ایم ڈی این وی ایس ریڈی نے کہاکہ امیر پیٹ میٹرو اسٹیشن پر پیش آئے بدبختانہ واقعہ کے بعد تمام میٹرو اسٹیشنوں پر چوکسی اختیار کی گئی ہے ۔ وہ خود بھی تمام میٹرو اسٹیشنوں کے مرمتی کاموں کی نشاندہی کرتے ہوئے نگرانی کررہے ہیں۔ ایل اینڈ ٹی کی جانب سے تعمیر کردہ تمام عمارتوں کی دوبارہ جانچ کروائی جارہی ہے۔ ایل اینڈ ٹی نے 6 خصوصی انجینئروں کو ٹیم تشکیل دی ہے جو عصری آلات سے آراستہ ہوکر میٹرو اسٹیشنوں میں مرمتی کاموں کو انجام دے رہے ہیں۔ رات دیر گئے سے صبح کی اولین ساعتوں تک یہ کام انجام دیا جارہا ہے تاکہ میٹرو ٹریفک میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہوسکے۔ اسٹیشن کے تمام حصوں اور دیگر عمارتوں پر بھی کڑی نظر رکھی گئی ہے۔ تمام عمارتوں کی مجموعی تعمیری پختگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ تجربہ کار انجینئرس کی ٹیم اس کام کیلئے مصروف ہے۔ ٹیم نے اسٹیشنوں میں سلامتی اور سیکورٹی سے متعلق اظہار اطمینان کیا ہے تاہم عہدیدار ایسا کوئی موقع ضائع ہونے نہیں دے رہے ہیں کہ آئندہ کوئی شکایت پیدا ہوجائے۔ جہاں کہیں شگاف نظر آرہا ہے اس کو درست کیا جارہا ہے۔