شمس آباد میں اراضی لیز پر حاصل کرلی گئی ۔ معاہدہ پر دستخط
حیدرآباد۔28 ستمبر(سیاست نیوز) حیدرآباد میں امیزان اپنا10لاکھ مربع فیٹ پر مشتمل گودام قائم کرے گا۔ Amazon نے ای ایس آر اور جی ایم آر کے ساتھ معاہدہ کرکے شمس آباد میں 10لاکھ مربع فیٹ اراضی طویل مدت کیلئے لیز پر حاصل کی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ممبئی میں طئے معاہدہ میں ای ایس آر اور جی ایم آر کی علی الترتیب 70فیصداور30 فیصد ملکیت والی جائیدادوں کو امیزان نے گودام کیلئے استعمال کرنے کے معاہدہ پر دستخط کردیئے ہیں ۔ دنیا کی معروف کمپنی کے حیدرآباد میں گودام قائم کرنے کے فیصلہ پر مزید تفصیلات کے حصول کی کوشش جاری ہے لیکن جو تفصیلات حاصل ہوئی ہیں ان کے مطابق ایرو سٹی یعنی شمس آباد ائیر پورٹ کے حدود میں ای ایس آر اور جی ایم آر نے امیزان کو 10لاکھ مربع فیٹ اراضی گودام کیلئے دینے سے اتفاق کرلیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ شمس آباد میں امیزان نے 22روپئے مربع فیٹ ماہانہ کرایہ کے اعتبار سے یہ 10لاکھ مربع فیٹ اراضی حاصل کی ہے جسے گودام کی شکل ای ایس آر نامی کمپنی کی جانب سے دی جائے گی ۔ کمپنی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ 2022کے آغاز میں گودام کی سہولت کا آغاز کردیا جائیگا ۔ معاہدہ کے مطابق امیزان کو دو مراحل میں یہ جائیداد حوالہ کی جائیں گی پہلے مرحلہ میں 6لاکھ مربع فیٹ اراضی 2022کی ابتداء میں حوالہ کی جائے گی جبکہ مابقی 4لاکھ مربع فیٹ اراضی سال کے اختتام تک حوالہ کردی جائیگی۔ بتایاجاتا ہے کہ معاہدہ کے مطابق یہ لیز 9سال کیلئے ہوگی اور اس کا آغاز سال 2022 سے ہوگا اور 9 سالہ لیز کی مدت کے دوران ہر تین سال میں 15 فیصد کرایہ اضافہ کیا جائے گا۔ کہا جا رہاہے کہ 10لاکھ مربع فیٹ پر گودام میں خدمات کی انجام دہی کیلئے کئی نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع دستیاب ہوسکتے ہیں۔ امیزان کی جانب سے حالیہ عرصہ میں کئے گئے معاہدہ میں یہ دوسرا بڑا اراضی کے حصول کا معاہدہ ہے ۔ اس سے قبل امیزان نے کرناٹک میں بنگلورو کے قریب دیون ہلی میں دیون ہلی انڈسٹریل اینڈ لاجسٹک پارک میں 10لاکھ مربع فیٹ جائیداد لیز پر حاصل کی ہے اس کے علاوہ مہاراشٹرا میں امیزان نے بھیونڈی میں 6لاکھ 6ہزار مربع فیٹ جائیداد گودام کیلئے حاصل کی ہے۔ م