آکلینڈ : نیوزی لینڈ کی بیٹر امیلیا کیر نے تاریخ رقم کردی۔ انہیں سال 2024 کے لیے آئی سی سی ویمنز کرکٹر آف دی ایئر منتخب کیا گیا ہے۔ امیلیا یہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی چوتھی اور اپنے ملک کی پہلی خاتون کرکٹر ہیں۔ انہیں آئی سی سی ویمنز کرکٹر آف دی ایئر بننے پر ریچل ہیہو فلنٹ ٹرافی سے نوازاگیا۔آئی سی سی ویمنز کرکٹر آف دی ایئرکے لیے یہ ٹرافی پہلی بار2017 میں دی گئی تھی۔ امیلیا کیر سے پہلے تین خواتین کرکٹرز نے دو دو بار یہ اعزاز حاصل کیا تھا، جن میں سے ایک آسٹریلیا کی ایلیس پیری، ہندوستان کی اسمرتی مندھانا اور انگلینڈ کی نیٹ سیور ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی اور ان تین خواتین کرکٹرز سے آگے نکل کر ویمن کرکٹر آف دی ایئر بنی ہے۔نیوزی لینڈ کی امیلیا کیرکو ویمنز کرکٹر آف دی ایئر بننے کے لیے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا مقابلہ جنوبی افریقہ کی وولوارٹ، سری لنکا کی چماری اتاپتو اور آسٹریلیا کی اینابیل سدرلینڈ سے تھا لیکن انہوں نے سب کچھ پیچھے چھوڑ کر ایوارڈ جیت لیا۔