اناؤعصمت ریزی کیس : کارسے ٹرک کی ٹکر ، 2 ہلاک

,

   

Ferty9 Clinic

بی جے پی ایم ایل اے پر عصمت ریزی کا الزام لگانے والی خاتون کو راستہ سے ہٹانے کی کوشش؟

رائے بریلی ۔ /28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اناؤ عصمت ریزی سے متاثرہ خاتون جس نے بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سینگر پر اس کی عصمت ریزی کرنے کا الزام عائد کیا تھا آج حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ اس کی کار سے ایک ٹرک نے ٹکر دیدی ۔ جس سے وہ شدید زخمی ہوئی ہے جبکہ اس کے دو رشتہ دار ہلاک ہوگئے ۔ یہ حادثہ رائے بریلی ضلع کے اتراوا گاؤں میں پیش آیا ۔ ٹرک اور کار کے درمیان تصادم بھیانک تھا ۔ عصمت ریزی سے متاثرہ خاتون کو راستہ سے ہٹانے کی سازش دکھائی دیتی ہے ۔ اناؤ بی جے پی کے رکن اسمبلی کلدیپ سینگر پر عصمت ریزی کا الزام لگانے والی خاتون اپنی چاچی اور وکیل کے ساتھ ایک کار میں سفر کررہی تھی ۔ یہ خاتون رائے بریلی میں چچا سے جیل میں ملنے جارہی تھی یہ حادثہ پیش آیا ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس مقام واردات پر پہونچ گئی اور زخمیوں کو نازک حالت میں لکھنؤ کے ٹراما سنٹر میں شریک کروایا ۔ اس خاتون کے وکیل مہندر سنگھ کی بھی ہلاکت ہوگئی ہے اور عصمت ریزی سے متاثرہ یہ خاتون بھی دواخانہ میں موت و زیست کی حالت میں ہے ۔

اس خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ بی جے پی رکن اسمبلی نے /4 جون 2017 ء کو اپنی رہائش گاہ پر عصمت ریزی کی تھی جہاں وہ اپنے ایک رشتہ دار کے ساتھ نوکری مانگنے کیلئے گئی تھی ۔ بی جے پی کے ایم ایل اے کے خلاف کیس درج کیا گیا تھا ۔ حکومت نے اس پورے معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کی تھی ۔ اناؤ عصمت ریزی کی متاثرہ خاتون کی بہن نے الزام عائد کیا کہ یہ ایک سازش کے تحت ٹکر دی گئی ہے ۔ زخمیوں کو کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی لکھنؤ میں شریک کیا گیا ۔ اناؤ خاتون کے ارکان خاندان نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ یہ حادثہ اس خاتون کو راستہ سے ہٹانے کی سازش کا حصہ معلوم ہوتا ہے ۔ گزشتہ سال 16 سالہ لڑکی نے الزام عائد کیا تھا کہ 2017 ء میں بی جے پی ایم پی نے اسے کام دلانے کے بہانے گھر طلب کرکے عصمت ریزی کی تھی ۔ کشمیر کے کٹھوعہ عصمت ریزی کیس کے ساتھ ہی یہ واقعہ پیش آیا تھا جس پر ملک بھر میں شدید احتجاج کیا گیا تھا ۔ لکھنؤ سماج وادی پارٹی کے ایم ایل سی نے دواخانہ کا دورہ کرکے متاثرہ خاتون کی عیادت کی ۔