اناؤ سڑک حادثہ معاملہ سی بی آئی کی چارج شیٹ میں کلدیپ سینگر کے خلاف قتل کا الزام نہیں

,

   

سی بی آئی نے اناؤ ریپ متاثرہ سڑک حادثہ معاملہ میں اپنی پہلی چارج شیٹ میں رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر اور اس کے دیگر معاونین کے خلاف جمعہ کو قتل کا الزام ہٹا دیا ہے۔ حکام نے اس کی جانکاری دی۔ اس سڑک حادثہ میں متاثرہ کے دو رشتہ داروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی۔

لکھنئو میں خصوصی سی بی آئی عدالت میں داخل اپنی پہلی چارج شیٹ میں سی بی آئی نے ایف آئی آر میں نامزد کلدیپ سینگر اور دیگر سبھی ملزمین کو مجرمانہ سازش رچنے اور ڈرانے دھمکانے سے جڑیں تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت ملزم بنایا ہے۔ بتا دیں کہ سی بی آئی نے اپنی ایف آئی آر میں سینگر اور نو دیگر کے خلاف مجرمانہ سازش، قتل، قتل کی کوشش اور ڈرانے دھمکانے سے جڑیں آئی پی سی کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا تھا۔ سینگر کو بی جے پی نے پارٹی سے نکال دیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ جس ٹرک سے حادثہ ہوا اس کے ڈرائیور آشیش کمار پال کو لاپرواہی کے مدنظر کسی کی موت کی وجہ بننے، کسی کی جان جوکھم میں ڈال کر اسے سنگین چوٹ پہنچانے اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے سے جڑیں آئی پی سی کی دفعات کے تحت ملزم بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی بی آئی کی چارج شیٹ میں پال کے خلاف مجرمانہ سازش رچنے کا کوئی الزام نہیں لگایا گیا ہے۔ ایجنسی نے یوپی حکومت سے کچھ حکام کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کرنے کی سفارش کی ہے، لیکن ان کی شناخت کو ظاہر نہیں کیا۔

غور طلب ہے کہ متاثرہ 28 جولائی کو اپنے کنبے کے ساتھ رائے بریلی سے اناؤ واپس آ رہی تھی۔ جس گاڑی میں وہ اور اس کے اہل خانہ سوار تھے، اسے ایک ٹرک نے ٹکر مار دی ۔ اس حادثے میں متاثرہ کی والدہ سمیت اس کے کنبہ کے دو افراد ہلاک ہوگئے۔ اس معاملے میں متاثرہ شدید زخمی ہوگئی تھی۔ واقعے میں متاثرہ کا وکیل بھی زخمی ہوگیا تھا۔