اناج کی خریداری کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت

   

92 مہاجر مزدوروں کو نقد 500 روپئے کی پیشکشی،ضلع کلکٹر
پداپلی۔ 02/ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کالوا شری رامپور منڈل میں کاشت کئے گئے اناج کی مکمل طور پر خریداری کے لئے موثر لائحہ عمل تیار کرنے کی پداپلی ضلع کلکٹر سِکتا پٹنائک نے متعلقہ عہدیداروں کو تاکید کی۔ بروز چہارشنبہ ضلع کلکٹر نے کالواشری رامپور منڈل میں مقیم مہاجر مزدوروں سے ملاقات کی بعد ازاں اناج کی خریداری کے تحت خریداری مراکز میں کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ مہاجر مزدوروں کے لئے تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاستی حکومت کے احکامات کے مطابق بلا لحا ظ راشن کارڈ ہر مزدور کو 12 کلو چاول ‘ 500 روپئے نقد کے ساتھ ساتھ تمام ضروری سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی۔ منڈل میں مقیم 92 مہاجر مزدوروں کو ضلع کلکٹر نے حکومت کی جانب سے ہر مزدور کو -/500 روپئے تقسیم کئے۔ لاک ڈاؤن کے مکمل ہونے تک تمام مزدوروں کو چوکس رہنے اور سماجی دوری بنائے رکھنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ بعد ازاں کالواشری رامپور منڈل میں مارکیٹ یارڈ کے ذریعہ قائم کردہ ابتدائی زرعی خریداری مراکز آئی کے پی خریداری مراکز کے تفصیلات دریافت کیں۔ انھوں نے عہدیداروں کو تاکید کی کہ کسانوں سے اناج کی خریداری کے لئے موثر لائحہ عمل تیار کیا جائے’ کسانوں کے لئے متعین کردہ اوقات میں ہی خریداری کی جائے ‘ اس ضمن میں تمام ضروری انتظامات جلد سے جلد مکمل کئے جائیں۔ کالواشری رامپور تحصیلدار وینو گوپال راؤ ‘ ضلعی زرعی عہدیدار تروملا پرساد ‘ ایم پی ڈی او کشن ‘ کالوا شری رامپور منڈل زرعی عہدیدار ناگارجنا ‘ متعلقہ عہدیداران نے اس پروگرام میں شرکت کی۔