انا ڈی ایم کے نے ہمیشہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کی : چیف منسٹر

   


کوئمبتور ۔ چیف منسر ٹاملناڈو کے پلانی سوامی نے آج کہا کہ برسر اقتدار انا ڈی ایم کے نے ہمیشہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کی ہے جبکہ مخالف پارٹی ڈی ایم کے کی روایت مختلف رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایم کے نے 2006 میں ہر بے گھر غریب خاندان کو دو ایکڑ اراضی فراہم کرنے کا بلند بانگ دعوی کیا تھا لیکن اسے کبھی پورا نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے برخلاف آل انڈیا انا ڈی ایم کے نے اپنے تمام انتخابی وعدوں کی تکمیل کی ہے ۔ یہ روایت پارٹی کے بانی ایم جی رامچندرن کے دور سے چلی آ رہی ہے ۔ پلانی سوامی یہاں 123 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ یہ تقریب وزیر بلدی نظم و نسق ایس پی ویلو مانی نے آنجہانی جئے للیتا کے 73 ویں یوم پیدائش کے سلسلہ میں منعقد کی تھی ۔ خواتین کیلئے اسکیمات کا تذکرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے گذشتہ دس برس میںخواتین میں شادی امداد کے طور پر 4,200 کروڑ روپئے تقسیم کئے ہیں۔