انتخابات کوآزادانہ اور منصفانہ بنانے پر زور

   

رائے دہندوں میں بیداری کیلئے فوٹو نمائش کا افتتاح، وکاس راج کا خطاب

حیدرآباد ۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات میں رائے دہی میں اضافہ کرنے کی کوشش میں وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت کے ادارہ سنٹرل بیورو آف کمیونکیشن (سی بی سی) کی جانب سے رائے دہندوں میں بیداری کیلئے ایک فوٹو نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ اس فوٹو نمائش میں 32 معلوماتی پیانلس ہیں جو دیکھنے والوں کو ہندوستان کے انتخابات کی تواریخ سے آگاہ کرتے ہیں۔ تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے اس نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے رائے دہندوں پر زور دیا کہ وہ جمہوریت کے اس فیسٹیول کا حصہ بنیں اور اسے آزادانہ اور منصفانہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم کو رائے دہی کو آزادانہ اور منصفانہ عمل بنانے کی ضرورت ہے اور اس کی ذمہ داری رائے دہندوں پر عائد ہوتی ہے‘‘۔ وکاس راج نے کہا کہ رائے دہندوں کیلئے پہلا اہم کام ان کے پولنگ بوتھ کو معلوم کرنا ہوگا۔ اس کیلئے کئی طریقے جیسے ای سی آئی پورٹل اور موبائیل ایپس ہیں۔ انہوں نے رائے دہندوں سے کہا کہ گرمی کی شدت کو بہانہ بنا کر وہ رائے دہی میں حصہ لینے سے دور نہ رہیں۔ انہوں نے ایم جی بی ایس پر اس فوٹو نمائش منعقد کرنے پر سی بی سی کی ستائش کی۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے ٹی ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر وی سجنار نے پہلی مرتبہ ووٹر بننے والے نوجوانوں سے رائے دہی میں سرگرم حصہ لینے اور ووٹ استعمال کرنے پر زور دیا۔ قبل ازیں مسز شروتی پاٹل، ایڈیشنل ڈی جی، پی آئی بی اینڈ سی بی سی حیدرآباد نے وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے سی ای او آفس کے اشتراک سے کئے جانے والے مختلف اقدامات کے بارے میں بتایا کہ جوائنٹ سی ای او سرفرازاحمد، اے پرشوتم نائیک ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر ٹی ایس آر ٹی سی، ڈی راجو، ریجنل منیجر (رنگاریڈی، بالا کرشنا ڈائرکٹر، پی آئی بی، آئی ہری بابو، اسسٹنٹ ڈائرکٹر سی بی سی حیدرآباد اور دوسرے اس ایونٹ میں موجود تھے۔ یہ سہ روزہ نمائش 22 اپریل کو اختتام پذیر ہوگی۔