کیرالا میں بائیں بازو کی حکومت نے مثالی کام کئے ہیں۔ اپوزیشن جھوٹے پروپگنڈہ میں مصروف ۔ چیف منسٹر پی وجئین کا بیان
کوٹائم ۔ چیف منسٹر کیرالا پنارائی وجئین نے آج بائیں بازو کی جماعتوں کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی نتائج کے تعلق سے ضرورت سے زیادہ اعتماد میں نہ رہیں اور انتخابی مہم میں کسی تن آسانی سے کام نہ لیں ۔ انہوں نے یہ مشورہ اس لئے دیا ہے کیونکہ مختلف میڈیا گھرانوں کے ماقبل انتخابات سروے میں یہ پیش قیاسی کی گئی ہے کہ ریاست میں بائیں بازو اتحاد کو دوبارہ اقتدار حاصل ہوگا ۔ وجئین نے کہا کہ شمالی اضلاع میں بائیں بازو کی جماعتوں کی انتخابی مہم میں عوام کی کثیر تعداد شرکت کر رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بائیں بازو محاذ کیلئے عوام کی تائید میں اضافہ ہورہا ہے ۔ جن لوگوں نے ابتداء میں حکومت کے خلاف موقف اختیار کیا تھا وہ بھی اب حکومت کے کام کاج کا اعتراف کرنے لگے ہیں۔ وجئین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مختلف سروے رپورٹس آچکے ہیں ۔ الیکشن ایک سیاسی کھیل ہے ۔ ایسے میں وہ بائیں بازو کے کارکنوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ لاپرواہی اور تن آسانی کا مظاہرہ نہ کریں اور پوری شدت کے ساتھ انتخابی مہم کے کاموں کو انجام دیں۔ ماقبل اتحاد سرویز کی بنیاد پر کوئی لاپرواہی نہیں برتی جانی چاہئے ۔ چیف منسٹر انتخابی مہم کے سلسلہ میں کوٹائم پہونچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو انتخابی سروے آئے ہیں وہ نظریات کا اظہار ہے اور میڈیا کیلئے بھی یہ فطری بات ہے کہ وہ حقائق کو پیش کرے ۔ واضح رہے کہ سینئر کانگریس لیڈر رمیش چینی تھالہ نے کل ہی میڈیا گھرانوں پر تنقید کی تھی جنہوں نے مختلف سرویز کی بنیاد پر پیش قیاسی کی تھی کہ ریاست میں پی وجئین کی قیادت میں بائیں بازو اتحاد کی حکومت کو دوبارہ اقتدار مل سکتا ہے ۔ چینی تھالہ نے الزام عائد کیا تھا کہ میڈیا گھرانے در اصل ریاست میں بائیں بازو محاذ حکومت میں کرپشن کے اسکینڈلس کو نظر انداز کر رہے ہیں اور انہیں جو اشتہارات حکومت سے مل رہے ہیں اس کی بنیاد پر ان پر کوئی توجہ نہںے دی جا رہی ہے ۔ حال ہی میں کچھ ٹی وی چینلوں نے اپنے سرویز ٹیلی کاسٹ کئے تھے جو خانگی ایجنسیوں کی مدد سے کئے گئے تھے ۔ ان سرویز میں پیش قیاسی کی گئی تھی کہ بائیں بازو کے اتحاد کو ریاست میں ایک اور معیاد کیلئے اقتدار حاصل ہوسکتا ہے ۔ چیف منسٹر وجئین نے کہا کہکئی چیلنجس اور بحرانوں کے باوجود ان کی حکومت نے فلاحی سرگرمیوں کو آگے بڑھایا اور ان پر عمل کیا ہے اور کیرالا کا سماج اس سے خوش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا سامنا کرنے کی اہلیت سے محروم اپوزیشن جماعتیں جھوٹی اور بے بنیاد کہانیاں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سال میں کیرالا کو انتہائی مشکل مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے جن پر عموما قابو نہیں پایا جاسکتا تھا ۔ ریاست میں دو سائیکلون آئے ۔ اس کے بعد صدی کا بدترین سیلاب آیا اور کورو نا وباء سے بھی ریاست کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسم وقع پر ہم پورے جذبہ کے ساتھ رائے دہندوں سے رجوع ہو رہے ہیں کہ ہماری حکومت ایسی حکومت ہے جس نے عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ خدمات انجام دی ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس حکومت کو نشانہ بنانے کیلئے کچھ بھی نہیں رہ گیا ہے اس ئے وہ حکومت کے خلاف جھوٹ اور بے بنیاد کہانیاں پھیلا رہے ہیں۔ ان کہانیوں میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔