انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرنے سرکاری محکمہ جات کو ہدایت

   

ویب سائیٹ سے سیاستدانوں کی تصاویر ہٹانے پر زور، محکمہ اقلیتی بہبود کے اداروں کو سکریٹری کے احکامات
حیدرآباد: دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے پیش نظر انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے اور چیف الیکٹورل آفیسر نے تمام محکمہ جات کو ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے اقلیتی اداروں کے تمام سربراہوں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود اور ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کو انتخابات کی تکمیل تک پابندی کا مشورہ دیا گیا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت جو ریاست بھر میں نافذ ہوچکا ہے، اس کے تحت محکمہ جات کے سرکاری ویب سائیٹ پر سیاسی قائدین کی تصاویر کو ہٹادیا جائے گا۔ منسٹرس بشمول وزیراعظم، چیف منسٹر، سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں سے متعلق مواد مرکزی اور ریاستی حکومت کے سرکاری ویب سائیٹ سے ہٹا دیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسرس کو اس سلسلہ میں احکامات پر عمل آوری کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران اشتہارات عوامی خزانہ سے نہیں دیئے جاسکتے اور سرکاری میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ حکومت کے کارناموں کی تفصیلات پر مشتمل کوئی بھی اشتہار الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں سرکاری خرچ پر جاری نہ کیا جائے۔ اگر کوئی اشتہار جاری کردیا گیا ہے تو اسے روکنے کی ہدایت دی گئی۔ انتخابی وعدوں کے سلسلہ کے کوئی بھی معاشی امداد جاری نہیں کی جاسکتی۔ انتخابات کی تکمیل تک عہدیدار اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے کوئی گرانٹ منظور نہیں کرپائیں گے۔ چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر ششانک گوئل نے تمام محکمہ جات کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔