انتخابی فرائض کی انجام دہی میں لاپرواہی نہ برتی جائے ، کلکٹر نظام آباد

   

نظام آباد۔ 28 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر ایلا تریپاٹھی نے ہدایت دی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطوں پر سختی سے عمل کرتے ہوئے نامزدگیوں کے عمل کو پوری شفافیت اور نظم و ضبط کے ساتھ انجام دیا جائے اور انتخابی فرائض میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی نہ برتی جائے۔ بلدی انتخابات کے سلسلے میں کلکٹر ایلا ترپا ٹھی نظام آباد میونسپل کارپوریشن حدود میں قائم نامزدگی وصولی مراکز کا معائنہ کیا اور کنٹیشور میونسپل زون آفس اور ٹی ٹی ڈی کلیان منڈپم میں قائم مراکز پر نامزدگی فارمس اور رجسٹرس کا جائزہ لیا۔کلکٹر نے بطور کاماریڈی ضلع انچارج بھی بانسواڑہ ٹاؤن میونسپل آفس میں جاری نامزدگیوں کے عمل کا زمینی سطح پر معائنہ کیا اور پہلے دن مختلف ڈویژنس اور وارڈس کے لیے داخل کی گئی نامزدگیوں کی تفصیلات حاصل کی۔ انہوں نے نامزدگیوں کی وصولی، جانچ (اسکرونٹی)، اپیلوں کے تصفیہ، انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ اور مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی فہرست کی اشاعت جیسے تمام مراحل کو مقررہ ضابطوں کے مطابق انجام دینے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی داخل شدہ نامزدگیوں کی تفصیلات فوری طور پر یومیہ بنیاد پر ٹی پول ایپ میں اپ لوڈ کرنے پر زور دیا۔ کلکٹر نے کہا کہ امیدواروں کو ہیلپ ڈیسک کے ذریعہ مکمل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ وہ تمام ضروری تفصیلات کے ساتھ نامزدگی داخل کرسکیں اور ان کے شبہات کا بروقت ازالہ ہو۔ کلکٹر نے بتایا کہ اس ماہ 30 تاریخ تک صبح 10:30 بجے سے شام 5 بجے تک نامزدگیاں داخل کی جاسکتی ہیں اور امیدوار متعلقہ میونسپلٹی کے کسی بھی ڈویژن یا وارڈ کے ووٹر ہوسکتے ہیں، تاہم تجویز کنندہ کا اسی وارڈ کا ووٹر ہونا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام نامزدگی مراکز پر ووٹر لسٹیں دستیاب رکھی گئی ہیں اور ضابطوں کے مطابق شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا، کسی کو بھی کسی قسم کے شکوک و شبہات میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔