انتخاب میں دیانتداری لیکن مظاہروں میں مایوسی : مکالم

   

احمدآباد ۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرس ٹیم کے مظاہروں سے مایوس کوچ برنڈن مکالم نے بیٹسمینوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے انتخاب میں دیانتداری کی بات کرنے والے بیٹسمینوں کو جب موقع دیا جارہا ہے تو وہ اپنے مظاہروں میں جارحانہ برتاؤ دکھا رہے ہیں اور نہ ہی بہتر مظاہرہ کررہے ہیں۔ مکالم نے کسی کا نام نہیں لیا لیکن اس میں ہندوستان کے سوپر اسٹار شبھ من گل بھی شامل ہیں جنہوں نے بطور اوپنر 7 مقابلوں میں ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے صرف 132 رنز اسکور کئے ہیں۔ ان کا اوسط 19 سے بھی کم ہے اور اسٹرائک ریٹ بھی 120 سے کم ہے۔ دہلی کیپٹلس کے خلاف گزشتہ مقابلہ میں ٹورنمنٹ کی پانچویں شکست کے بعد ٹیم کے کوچ مکالم نے کہا کہ یہ انتہائی مایوس کن ہے اور میں بحیثیت کھلاڑی یہ سمجھتا ہوں کہ جب آپ آزادی اعتماد اور دیانتداری کی بات ٹیم کے انتخاب کے وقت کرتے ہیں تو آپ کو مظاہرہ بھی کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اور کپتان ایان مورگن دونوں ہی جارحانہ کھیل پر بھروسہ کرتے ہیں اور ہمارے کھلاڑیوں کو ہم نے کہا کہ وہ جارحانہ مظاہرہ کریں لیکن بدقسمتی سے کھلاڑیوں کے مظاہروں میں جارحیت نہیں ہے۔ گزشتہ مقابلہ میں 154 رنز کا نشانہ دہلی کیپٹلس کے لئے ایک آسان کامیابی ثابت ہوا ہے جہاں پرتھوی شاہ نے پہلے ہی اوور میں شیوم ماوی کو 6 باؤنڈریز لگائیں۔ 41 گیندوں میں 82 رنز کی ان کی اننگز نے ٹیم کو کامیابی دلوانے کے لئے ایک آسان شروعات فراہم کی۔ مکالم نے سست وکٹ پر ناقص مظاہروں سے جھنجھلاہٹ کا شکار ہیں کیونکہ انہوں نے کہا ہے کہ سست وکٹ پر نئی گیند اور فیلڈنگ کی پابندیوں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جانا چاہئے جس کے لئے ضروری ہے بولر کو یکے بعد دیگرے باؤنڈریز لگائی جائیں جس سے اس پر دباؤ بنے گا۔