انتہائی کم عرصہ میں تلنگانہ کو ترقی میں پہلا مقام حاصل: محمود علی

   

Ferty9 Clinic


بی ونود کمار کی سوانح حیات کی رسم اجراء ،علحدہ تلنگانہ تحریک میںاہم رول کی ستائش

حیدرآباد۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست نے انتہائی کم عرصہ میں ملک میں نمبر ون ریاست کا مقام حاصل کرلیا ہے۔ عوامی مسائل کی یکسوئی ، ترقیاتی پراجکٹس اور بہتر سرمایہ کاری کیلئے تلنگانہ کو ملک بھر میں نمایاں مقام دلانے کا سہرا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے سر جاتا ہے۔ وزیر داخلہ آج نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار کی ہمہ لسانی سوانح حیات کی رسم اجراء انجام دے رہے تھے۔ اردو، انگریزی اور تلگو میں یہ سوانح حیات مرتب کی گئی۔ محمود علی نے تلنگانہ تحریک میں ونود کمار کی حصہ داری کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کے سی آر کے ساتھ ونود کمار جدوجہد میں شامل رہے۔ ونود کمار سیکولر کردار کے حامل شخصیت ہیں جنہوں نے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے کریم نگر کی ترقی میں نمایاں رول ادا کیا۔ ونود کمار نے سیاسی زندگی میں کئی نشیب و فراز دیکھے اور تلنگانہ میں مرکزی فنڈز کے علاوہ پانی کی قلت کا خاتمہ اور روزگارکی فراہمی کے سلسلہ میں ونود کمار کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ کی حیثیت سے ونود کمار ریاست کی ترقی میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ بی ونود کمار نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کیلئے کے سی آر کا جنم ہوا تھا۔ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ جو ایک خواب تھا حقیقت میں تبدیل ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی چھ برسوں میں ریاست کو مختلف مسائل کا سامنا رہا لیکن کے سی آر کی دوراندیش قیادت کے نتیجہ میں مسائل پر قابو پالیا گیا۔ انہوں نے کریم نگر میں اسمارٹ سٹی کے قیام، ریلوے لائن کی تعمیر اور آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کا حوالہ دیا۔ میئر کریم نگر سرینواس راؤ اور سابق رکن تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سی وٹھل کے علاوہ پروفیسر مجید بیدار، مظفر الدین، ڈاکٹر مسعود جعفری، ریاض علی رضوی، محمد فیاض علی اور دوسروں نے ونود کمار کی خدمات کو سراہا۔ مقررین نے کریم نگر میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے کیمپس کیلئے ونود کمار کی جانب سے اراضی کے الاٹمنٹ کا حوالہ دیا۔ اس موقع پر تلنگانہ ایمپلائز یونین کے کیلنڈر کی رسم اجراء انجام دی گئی۔