انجمن محبان اردو کے 43 ویں کل ہند مشاعرہ و ایوارڈ تقریب کا انعقاد

   


نرمل ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : انجمن محبان اردو کے 43 ویں کل ہند مشاعرہ و ایوارڈ تقریب کا رویندرا بھارتی میں انعقاد عمل میں آیا ۔ سید مسکین بانی انجمن محبان اردو نے اردو صحافیوں کی حوصلہ افزائی اور اعتراف خدمات کے سلسلہ میں عابد علی خاں یادگار محب اردو ایوارڈ صحافت سے دیرینہ وابستگی رکھنے والے صحافیوں سید جلیل ازہر ، عبدالقادر فیصل ، ڈاکٹر خواجہ محی الدین کو مہمان خصوصی کے ہاتھوں عطا کیا ۔ بعد ازاں محفل مشاعرہ ہوا جس میں نامور شعرا نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا ۔ بالخصوص اسمعیل نظر ناظم مشاعرہ نے اپنی صلاحیتوں اور قابلیت کے جو نقوش سامعین کے دلوں پر چھوڑے ہیں اس کو حیدرآباد کے اردو ادب سامعین کبھی فراموش نہیں کرسکتے ۔ سرور کمال جھانسی اور شمیم کوثر آگرہ نے مشاعرہ لوٹ لیا ۔ رات دیر گئے مشاعرہ کا اختتام عمل آیا ۔ محفل مشاعرہ میں مہمانان خصوصی ماہر تعلیم ظفر جاوید ، ایس اے شکور پروفیسر شعبہ اردو ، علامہ اعجاز فرخ ، نوجوان سیاسی قائد عامر جاوید ، خسرو نواب اور دیگر موجود تھے ۔ سید مسکین نے تمام مہمانوں شعرا اور ایوارڈ یافتگان کا خیر مقدم کیا ۔