ماسکو۔10 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) روس کے ارخان گیلسک کے فوجی علاقے میں لیکوئیڈپروپیلنٹ انجن کے ٹسٹ کے دوران دھماکے سے ملک کی سرکاری جوہری توانائی کمپنی روساٹم کے پانچ ملازمین کی موت ہو گئی اور تین دیگر جھلس گئے ۔یہ حادثہ جمعرات کو اس وقت پیش آیا جب انجن کے ٹسٹ کے دوران دھماکہ ہوا۔ کمپنی روساٹم کے مطابق حادثے میں اس کے پانچ ملازمین کی موت ہوگئی ہے جبکہ روس کی وزارت دفاع نے اطلاع دی ہے کہ اس میں دو افراد کی موت ہوئی ہے ۔کمپنی نے کہا کہ ارخان گیلسک کے فوجی علاقے میں لیکوئیڈ پروپیلنٹ انجن کے ٹسٹ کے دوران ایک حادثے میں پانچ ملازمین کی موت ہو گئی اور تین دیگر جھلس گئے ۔کمپنی نے بتایا کہ حادثے کے انجن کے آئسوٹوپ سورسز پر انجینئرنگ اور تکنیکی کام کے دوران ہوا۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔روساٹم نے حادثہ کا شکار ملازمین کے گھر والوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
