حیدرآباد ۔خشک میوہ جات میں مفید ترین پھل انجیر جنت کا پھل بھی کہلاتا ہے، انجیر کمزور اور دبلے لوگوں کے لیے وزن بڑھانے اور وزن میں کمی لانے کے خواہش مند افراد کے لیے بھی یکساں موزوں ہے جبکہ اس کے صحیح استعمال کے نتیجے میں مجموعی صحت پر بے بہا فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ماہرین غذائیت کے مطابق انجیر کے 100 گرام میں 239 کیلوریز ،3.1 گرام پروٹین ، 53 گرام کاربوہائیڈریٹس ، 53 گرام شوگر ،1.2 گرام فیٹ، 12 گرام فائبر پایا جاتا ہے انجیر جسم سے خون کی کمی دور کرکے اسے پرکشش اور چہرے کو سفید و سرخ رنگت دیتی ہے، انجیر میں پروٹین، معدنی اجزاء ، شوگر، کیلشیم، فاسفورس، وٹامن اے، کے اور سی کی کثیر مقدار موجود ہوتی ہے جبکہ وٹامن بی اور ڈی قلیل مقدار میں پایا جاتا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق انسانی مجموعی صحت براہ راست معدے اور آنتوں سے جڑی ہوتی ہے، انجیر پیٹ کی بیماریوں خصوصاً قبض کیلیے نہایت مفید ہے۔ انجیر صحیح طریقے سے کھانا بہت اہمیت رکھتا ہے، اس میں فائبر کی بھی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے اس کے باوجود بھی خشک انجیر یا تازہ پھل انجیر کے ایک دن میں کم ازکم 2 اور زیادہ سے زیادہ 5 دانے کھانے چاہئیں۔ماہرین کے مطابق وزن میں کمی کے خواہشمند افرادکو دن میں زیادہ سے زیادہ 3 دانے انجیرکے ناشتے اور دوپہر کے کھانے کے درمیان کھالینے چاہئیں، اس طرح انجیرکھانے کے نتیجے میں وزن میں کمی وا قع ہوتی ہے جبکہ انجیر کو دودھ کے ساتھ شیک یا پھر دودھ میں ابال کرکھانے سے وزن میں واضح اضافہ ہوتا ہے اور خون کی کمی اور چہرے کی پیلاہٹ دور ہوتی ہے۔ بخار کی حالت میں مریض کا منہ بار بار خشک ہوجاتا ہو تو انجیرکا گودا منہ میں رکھنے سے منہ سوکھتا نہیں۔انجیر گردے اور مثانے میں موجود پتھری تحلیل کر دیتی ہے۔ انجیر کو پانی میں بھگوکر رات بھر کے لیے رکھ دیں اور صبح نہار منہ کھائیں، اس سے دائمی قبض دور ہو جائے گی۔سردیوں میں بچوں کو خشک انجیرکھلانا اْن کی نشوونما کے لیے بے حد مفید ہے۔کھانسی، دمہ اور بلغم کے لیے انجیر انتہائی مفید ہے۔انجیر کا باقاعدہ استعمال سرکے بالوں کوبھی دراز کرتا ہے۔تحقیق کے مطابق اسے شوگر کے مریض بھی اپنی غذا میں شامل کر سکتے ہیں۔