خانگی کالجس انتظامیہ کی تجویز، قطعی فیصلہ ٹی اے ایف آر سی کا ہوگا
حیدرآباد۔ 15 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست میں انجینئرنگ، فارمیسی کی تعلیم مزید مہنگی ہونے والی ہے۔ خانگی کالجس انتظامیہ کی جانب سے فیس میں اضافہ کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ فیس میں کتنا اضافہ کیا جائے اس کا قطعی فیصلہ (ٹی اے ایف آر سی) کرے گی۔ اس عمل کا ایک ہفتہ میں نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔ اضافہ شدہ فیسوں پر آئندہ سال 2022-23 سے عمل آوری ہوگی۔ آل انڈیا کونسل فار ٹیکنکل ایجوکیشن (اے آئی سی ٹی ای) کے قواعد کے مطابق ہر تین سال میں ایک مرتبہ فیس پر نظرثانی کرنی ہوتی ہے۔ کالجس میں فراہم کی جانے والے بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیتے ہوئے تلنگانہ آڈیشن اینڈ فیس ریگولیٹری کمیٹی (ٹی اے ایف آر سی) قطعی فیصلہ کرے گی۔ ریاست میں 158 انجینئرنگ، 112 فارمیسی، 54 فارماڈی کالجس ہیں۔ ریاست میں فی الحال انجینئرنگ کی کم از کم سالانہ فیس 44 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 1.34 لاکھ روپے ہے۔ 25 کالجس میں فیس ایک لاکھ سے زیادہ ہے جبکہ ماباقی کالجس میں ایک لاکھ روپے سے کم ہے۔ خانگی کالجس انتظامیہ کی جانب سے اس مرتبہ 15 فیصد فیس میں اضافہ کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ اسکو (ٹی اے ایف آر سی) کی جانب سے منظوری دی جاتی ہے تو انجینئرنگ کی سالانہ فیس کم از کم 50 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 1.50 لاکھ ہو جانے کا امکان ہے۔ یعنی انجینئرنگ کورس کی تکمیل کے لئے 2 تا 6 لاکھ روپے کے اخراجات ہوں گے۔ خانگی کالجس کی جانب سے گزشتہ تین سال کے دوران کالجس کو چلانے کے اخراجات بنیادی سہوتوں کی توسیع اور تعلیمی معیار کو بڑھانے کے لئے کئے گئے مصارف پر مشتمل تفصیلی رپورٹ انتظامیہ (ٹی اے ایف آر سی) کو پیش کرے گی۔ سال 2019 کے بعد کورونا بحران کے باعث تعلیمی اداروں میں فزیکل کلاسیس نہیں ہوئے۔ آن لائن کی تعلیم پر اکتفا کیا گیا۔ ایسے میں نئے اخراجات کیا ہوئے اور فیس میں کیوں اضافہ کیا جائے اس پر بھی سوالات اُٹھ رہے ہیں۔ ن