حیدرآباد۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) این ایس یو آئی ریاستی صدر بی وینکٹ نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ انجینئرنگ کی فیس میں کمی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیئے گئے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وینکٹ نے کہا کہ ایک طرف انجینئرنگ فیس میں اضافہ کردیا گیا تو دوسری طرف حکومت فیس بازادائیگی اسکیم پر عمل آوری سے گریز کررہی ہے جس کے نتیجہ میں طلبہ اور سرپرستوں پر بوجھ پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور کے مقابلہ ٹی آر ایس دور میں انجینئرنگ فیس میں اضافہ ہوا ہے۔ بعض قائدین کے انجینئرنگ کالجس ہیں اور وہ فیس کے تعین سے متعلق ریگولیٹری کمیٹی پر اضافہ کیلئے دبائو بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کو کالجس کو فائدہ پہنچانا ہے تو اسے فیس ری ایمبرسمنٹ پر عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کونسلنگ کے دوران کالجس نے مینجمنٹ اور این آر آئی کوٹے کی نشستوں کو فروخت کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایس یو آئی فیس میں اضافے کے خلاف احتجاج منظم کرے گی۔
