’انداز بیان اور‘ سے سامعین محظوظ مشاعرہ و کوی سمیلن میں شعراء کو داد و تحسین، ظہیر صاحب کی یاد تازہ

   

حیدرآباد۔ 5 نومبر (سیاست نیوز) ایس ایس کنونشن، شمس آباد میں ہفتہ ، 4 نومبر کو شام 7 بجے سے ایک شاندار مشاعرہ اور کوی سمیلن، ’’انداز بیان اور‘ کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس مشاعرہ میں قومی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعروں نے شرکت کی اور اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ AeBA ایونٹس کی جانب سے ایس آر زیڈ انٹر پرائزس حیدرآباد کے اشتراک اور روزنامہ سیاست کے تعاون سے اس مشاعرہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر جناب ظہیر الدین علی خان مرحوم سابق مینیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی خدمات کو یاد کیا گیا۔ ایس آر زیڈ مینیجنگ ڈائرکٹر عبدالرحمن نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ظہیر صاحب ان کے لئے حوصلہ مندی اور تحریک کا ذریعہ تھے۔ اسٹیج پر مشہور شعراء موجود تھے جن میں شارق کیفی، شکیل اعظمی، محشر آفریدی، ابرار کاشف، شمبھو شیکھر، سجاد جھنجھٹ، حنا رضوی حیدر، زبیر علی تابش، فوزیہ رباب، ساون شکلا اور عائشہ ایوب شامل ہیں۔ اس ایونٹ میں حیدرآباد کے دو مقامی شعراء سردار سلیم اور وحید پاشاہ قادری نے بھی کلام سنایا۔ شام ’انداز بیان اور‘ کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد سردار سلیم نے نعت شریف پیش کی۔ انداز بیان اور کے پروموٹرس ریحان صدیقی اور شازیہ قدوائی نے شعراء، اس ایونٹ کے پارٹنرس اور معاونین کو اعزازات عطا کئے۔ اس موقع پر اس مشاعرہ و کوی سمیلن کے انعقاد میں میڈیا پارٹنر کے طور پر روزنامہ سیاست کے تعاون کے لئے ایوارڈ دیا گیا۔ سماجی جہد کار اور بزنس مین جناب تقی الدین شجیع نے زاہد فاروقی، ہیڈ آف آپریشنس، سیاست ٹی وی کے ہمراہ یہ ایوارڈ حاصل کیا۔ اس مشاعرہ کی صدارت مشہور شاعر شکیل اعظمی نے کی جبکہ ابرار کاشف نے نظامت کی۔ مشاعرہ اور کوی سمیلن، انداز بیان اور کی یہ شام شاعری اور ادب کا ذوق رکھنے والوں کے لئے ایک خوشگوار شام ثابت ہوئی جنہوں نے شعراء کے کلام پر داد و تحسین دی۔ اس مشاعرہ میں مہمانان بشمول بی شفیع اللہ، سکریٹرٹمریز، فہیم احمد، جی ایس ٹی کمشنر، نئی دہلی، ایونٹ کے اسپانسر علی مسقطی، افتخار شریف اور دوسرے موجود تھے۔