اندراماں انڈلو اسکیم کی 80 لاکھ درخواستوں کی جانچ 31 ڈسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

   

طبقاتی سروے 99 فیصد مکمل، گروپ II امتحانات کی تیاریاں، ریاستی وزیر سرینواس ریڈی کی ضلع کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔/11ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر مال اور ہاوزنگ پی سرینواس ریڈی نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ ریاستی حکومت کی اہم اندراماں انڈلو اسکیم کی موصولہ درخواستوں کی جانچ کا کام احتیاط کے ساتھ اور مکمل چوکسی کے ذریعہ انجام دیں تاکہ اسکیم کیلئے حقیقی استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا جائے۔ انہوں نے اندراماں انڈلو اسکیم کی درخواستوں، گروپ II امتحانات کی تیاریوں، میس چارجس میں اضافہ، طبقاتی سروے اور دیگر امور پر ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر چیف سکریٹری شانتی کماری اور حکومت کے مشیر وی نریندر ریڈی موجود تھے۔ وزیر مال نے کہا کہ اندراماں انڈلو اسکیم کیلئے موصولہ 80 لاکھ درخواستوں کی جانچ کا کام 31 ڈسمبر سے قبل مکمل کرلیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کی جانچ کے بعد تفصیلات کو موبائیل ایپ میں درج کیا جائے۔ 500 افراد پر ایک ملازم کو سرویئر کے طور پر مقرر کیا جائے۔ سروے میں اندراماں کمیٹی کے ارکان کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے کلکٹرس سے کہا کہ جہاں کہیں بھی اندراماں کمیٹیاں تشکیل نہیں پائی ہیں وہاں فوری تشکیل عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کی جانچ میں کوئی بھی معمولی تساہل یا غفلت نہ ہو جس سے کہ درخواست گذاروں کو اسکیم سے محروم ہونا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ استفادہ کنندگان کے بارے میں سروے کے کام کی نگرانی ضلع کلکٹرس کی جانب سے کی جائے اور روزانہ اس معاملہ کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹریٹ میں عوام کی شکایات اور تجاویز کی سماعت کیلئے ٹول فری نمبر قائم کیا جائے۔ حکومت اندراماں انڈلو اسکیم کے تحت ایک سال میں 4.5 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ گذشتہ حکومت نے دس برسوں میں سرکاری ہاسٹلس کے طلبہ کے میس چارجس میں ایک مرتبہ بھی اضافہ نہیں کیا۔ کانگریس حکومت نے ایک سال کی تکمیل سے قبل ہی میس چارجس میں 40 فیصد اضافہ کا فیصلہ کیا ہے جس سے 7.65 لاکھ طلبہ کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ شخصی طور پر ہاسٹلس کا دورہ کرتے ہوئے معیاری غذا کی سربراہی اور دیگر ضرورتوں کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ 14 ڈسمبر کو ریاستی وزراء، ارکان اسمبلی و کونسل اور ارکان پارلیمنٹ ان کے حلقہ جات میں موجود سوشیل ویلفیر ہاسٹلس کا دورہ کرتے ہوئے طلبہ کے ساتھ کھانا کھائیں گے۔ اس پروگرام میں طلبہ کے سرپرستوں کو بھی مدعو کیا جارہا ہے۔ ذات پات پر مبنی مردم شماری کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر مال نے بتایا کہ ریاست میں ایک کروڑ 16 لاکھ خاندانوں میں ایک کروڑ 12 لاکھ خاندانوں کا سماجی سروے مکمل ہوچکا ہے جو 99.09 فیصد ہوتا ہے۔ وزیر مال نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی حکومت کی جانب سے وہ سروے میں شامل عہدیداروں اور ملازمین سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 13 ڈسمبر طبقاتی سروے کی آخری تاریخ ہے اس کے بعد پرجا پالنا سیوا کیندر میں خاندانی سروے کی تفصیلات درج کرائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 15 اور 16 ڈسمبر کو ریاست میں گروپ II امتحانات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ وہ امتحانی مراکز پر نقائص سے پاک انتظامات کو یقینی بنائیں۔ 1