عوام سے اندراماں راجیم مسترد ، کانگریس 404 سے گھٹ کر 40 تک محدود
حیدرآباد ۔ 14 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری نے اندراماں راجیم کا بجٹ میں ذکر کرنے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس نعرہ سے ایمرجنسی کی یاد تازہ ہورہی ہے ۔ اندراماں راجیم سے ملک کو کچھ نہیں ملا ۔ اندرا گاندھی کے قتل کے بعد ملک میں منعقدہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو 404 حلقوں پر کامیابی حاصل ہوئی مگر آج کانگریس 40 حلقوں تک محدود ہوگئی ۔ جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ملک کے عوام نے کانگریس کو مسترد کردیا ہے ۔ اندراماں راجیم کو عوام پسند نہیں کررہے ہیں بجٹ میں سونیا گاندھی اور سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کا نام لیا گیا ۔ مگر علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کرنے والے کے سی آر کو نظر انداز کردیا گیا ۔ اندراماں راجیم میں ریاست سے کوئی انصاف نہیں ہوا ہے ۔ وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو نے اندرا گاندھی کے خلاف کیے گئے ریمارکس پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اندرا اماں کے دور حکومت میں سماج کے تمام طبقات سے انصاف ہوا ہے جس سے بی آر ایس پارٹی اچھی طرح واقف ہے ۔ اگر بی آر ایس پارٹی اندراماں راجیم پر مباحث چاہتی ہے تو ہم تیار ہے ۔ اسپیکر اسمبلی اس مسئلہ پر شارٹ ڈسیکشن کا اہتمام کریں ہم مباحث میں حصہ لینے اور اندرا گاندھی کے دور اقتدار میں کی گئی ترقی اور فلاح و بہبود پر مباحث کریں گے ۔ چند واقعات کو بنیاد بناکر بی آر ایس پارٹی اندرا گاندھی کے دور حکومت کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں ۔ اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار نے کڈیم سری ہری کو مشورہ دیا کہ وہ صرف بجٹ پر بات کریں ۔۔ 2