اندراماں مکانات کی تعمیر کیلئے 1000 کروڑ روپئے مختص

   

پہلے مرحلہ میں 71,482 استفادہ کنندگان کا انتخاب، حکومت کی باوقار اسکیم
حیدرآباد ۔ 15 فبروری (سیاست نیوز) ریاست میں پہلے مرحلہ اندراماں مکانات کیلئے منتخب ہونے والے استفادہ کنندگان کے مکانات کی تعمیری کاموں کا آغاز کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ حکومت نے اس کیلئے 1000 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ ریاست کے ہر منڈل میں ایک گاؤں کے حساب سے 562 پنچایتوں میں 71,482 استفادہ کنندگان کا پہلے مرحلہ میں انتخاب کیا گیا۔ حکومت چار مرحلوں میں ہر گھر کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی مالی امداد جاری کرے گی۔ بنیاد کے کام مکمل ہونے پر پہلے مرحلہ کے حصہ کے طور پر ایک لاکھ روپئے استفادہ کنندگان کے بنک کھاتہ میں جمع کرے گی۔ اس حساب سے 71,482 افراد کیلئے 714 کروڑ روپئے کی ضرورت ہوگی۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے حصہ کے طور پر فنڈز مختص کئے جاتے ہیں۔ ایک مکان کیلئے شہری علاقوں میں 1.50 لاکھ اور دیہی علاقوں میں 72 ہزار روپئے پردھان منتری آوازس یوجنا (PMAY) کے تحت مرکزی حکومت ادا کرے گی۔ ریاست اپنے حصہ کے طور پر دیہی علاقوں میں 3.50 لاکھ اور شہری علاقوں میں 4.28 لاکھ روپئے مختص کرے گی۔ مرکزی قواعد کے مطابق ریاستوں کو پہلے مرحلہ میں ادا کی جانے والی رقم اور تعمیراتی سامان کیلئے درکار رقم ادا کرنا ہوگا جس کے پیش نظر ہاؤزنگ ڈپارٹمنٹ نے ایک ہزار کروڑ روپئے کو تیار رکھا ہے۔ مکانات کی تعمیر میں کسی قسم کی رکاوٹ سے بچنے کیلئے ریاستی حکومت تمام اقدامات کررہی ہے۔2
حکومت نے ہر مکان کیلئے 8 ٹریکٹرس ریت مفت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سمنٹ اور لوہا کم قیمت پر فراہم کرنے کیلئے ضلع واری سطح پر عہدیدار کمپنیوں سے تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ کانگریس حکومت نے پانچ سال کے دوران 28 ہزار کروڑ روپئے کے مصارف سے 20 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اسی حصہ کے طور پر پہلے مرحلہ میں 7740 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔2