اندراماں مکانات ہر مستحق کو فراہم کرنے کا تیقن

   

بھینسہ میںزیر تعمیر ڈبل بیڈ روم مکانات کا معائنہ اور جائزہ اجلاس، ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی کا خطاب

بھینسہ۔ 16؍نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر اطلاعات، ریونیو اور ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے بھینسہ دورہ کے موقع پر آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤس میں ضلع کلکٹر ابھیلاشہ ابھینو ، ایڈیشنل کلکٹر کشور کمار، ریونیو، انجینئرنگ، مارکیٹنگ، زراعت اور سیول سپلائی محکمہ کے عہدیداروں اور بھینسہ آر ڈی او کومل ریڈی کے ہمراہ سرکاری فلاحی اسکیموں کے نفاذ کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سرکاری اراضی کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کریں اور ضلع میں جنگلاتی اور سرکاری اراضی کا سروے کرایا جائے اور حدود کی نشاندہی کرکے انہیں محفوظ کیا جائے انہوں نے انتباہ دیا کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی سروے کی تفصیلات ریکارڈ کی صورت میں پیش کی جائیں اور دھان (چاول) اور کپاس کی فصل کی خریداری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت دی خریداری مراکز میں تمام سہولیات فراہم کی جائیں ۔ ریاستی وزیر نے مستحقین کو اندرما گھر فراہم کرنے کا وعدہ کیا عہدیداروں سے ضلع میں اب تک تقسیم کئے گئے ڈبل بیڈ روم والے مکانات اور تقسیم کے لئے تیار مکانات سے متعلق تفصیلات دریافت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اندراما مکانات کے استفادہ کنندگان کا انتخاب انتہائی صاف و شفاف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہل افراد کو اندراما مکانات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے وزیر موصوف نے ریاستی حکومت کے ذریعہ کئے جارہے جامع گھر گھر خاندانی سروے کے انتظامات سے متعلق دریافت کیا عہدیداروں سے ضلع میں اب تک کئے گئے سروے کے بارے میں تفصیلات بھی دریافت کی عہدیداروں نے وزیر موصوف کو ضلع میں سروے کرنے والے آبادی، خاندانوں، گنتی کے بلاکس اور شمار کنندگان کے بارے میں تفصیلات سے واقف کروایا اس موقع پر عوام کو سروے کے مقاصد بتانے اور سروے میں حصہ لینے کی تجویز دی گئی ہے بعدازاں وزیر موصوف نے بھینسہ پارڈی شاہراہ پر واقع گورنمنٹ ڈگری کالج علاقہ میں واقع تعمیر شدہ ڈبل بیڈروم مکانات پہنچ کر مکمل اور تفصیل معائنہ کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کاموں کو جلد مکمل کریں اور مستحق لوگوں کو مکانات فراہم کرنے کے اقدامات کریں قبل ازیں بھینسہ ڈبل بیڈ روم مکانات کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعہ منتخبہ امیدواروں نے جلد از جلد ڈبل بیڈ روم مکانات حوالے کرنے کے لیے ریاستی وزیر سرینواس ریڈی کو کملا کاٹن فیکٹری میں تحریری یادداشت پیش کی بعدازاں ریاستی وزیر نے بھینسہ میں کاٹن جننگ فیکٹری پہنچ کر معائنہ کرتے ہوئے سرکاری سطح پر کپاس خریدی کا جائزہ لیا۔