4.5 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ بھٹی وکرامارکا و سریدھر بابو کا صنعتوں کے نمائندوں کیساتھ اجلاس
حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے سمنٹ و اسٹیل صنعت پر زور دیا کہ وہ تلنگانہ حکومت کی اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کریں۔ حکومت نے انسانیت کی بنیاد پر غریبوں کو مکانات کی فراہمی کے مقصد سے اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کا آغاز کیا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے آج وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو کے ہمراہ سمنٹ اور اسٹیل انڈسٹری کے مالکین اور عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اندراماں ہاؤزنگ کے تحت 22500 کروڑ سے 4.50 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ ریاست میں اسکیم کا آغاز ہوچکا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ سمنٹ اور اسٹیل انڈسٹری کا حکومت کو تعاون حاصل ہے تاہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دونوں صنعتوں کو قیمتوں میں کمی کرنی چاہئے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ اندراماں ہاؤزنگ کے لئے سربراہ کی جانے والی سمنٹ اور اسٹیل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ مکانات پائیدار ہوسکیں۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سریدھر بابو نے کہاکہ گزشتہ 10 برسوں میں پہلی مرتبہ اندراماں ہاؤزنگ جیسی منفرد اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسٹیل اور سمنٹ کے تمام بڑے اور چھوٹے اداروں کو یکساں قیمت کا تعین کرنا چاہئے۔ تلنگانہ حکومت بڑے پیمانہ پر صنعتوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ نہ صرف حیدرآباد بلکہ ریاست کے دیگر علاقوں میں صنعتوں کے قیام کے لئے حکومت سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مستقبل میں سمنٹ اور اسٹیل کی مانگ میں اضافہ ہوگا لہذا کمپنیوں کو رعایتی قیمت پر معیاری سمنٹ اور اسٹیل سربراہ کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے آندھراپردیش، کرناٹک اور ٹاملناڈو میں سمنٹ اور دیگر تعمیری اشیاء کی سربراہی کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 4.50 لاکھ اندراماں مکانات کی تعمیر کے لئے 50 لاکھ میٹرک ٹن سمنٹ اور 27.75 لاکھ میٹرک ٹن اسٹیل کی ضرورت ہے۔ اسٹیل اور سمنٹ کمپنیوں کے مالکین نے اندراماں ہاؤزنگ اسکیم میں تعاون کا یقین دلایا اور کہاکہ محکمہ صنعت کے عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کرکے قیمتوں کا تعین کیا جائے گا۔ اجلاس میں چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، ڈائرکٹر انڈسٹریز نکھل چکرورتی اور دوسروں نے شرکت کی۔1