اندراماں ہاؤزنگ مکانات کے الاٹمنٹ میں شفافیت کی ہدایت

   

بھوبھارتی قانون سے کسانوں کو فائدہ، شعور بیداری پروگرام ‘وزیر مال سرینواس ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 16 مئی (سیاست نیوز) وزیر مال سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیاکہ سابق بی آر ایس حکومت نے دھرانی پورٹل کے ذریعہ کسانوں کی مشکلات میں اضافہ کیا تھا۔ دھرانی پورٹل کے سبب کسانوں کی نیند حرام ہوچکی تھی کیوں کہ وہ اپنی اراضیات سے محروم ہوگئے۔ وزیر مال نے نرمل اور آصف آباد میں بھوبھارتی سدسو پروگراموں میں حصہ لیا اور عوام کو بھوبھارتی قانون کے فوائد سے واقف کرایا۔ اُنھوں نے کہاکہ دھرانی پورٹل میں نقائص کی سزا کسانوں کو ملی اور کئی کسان اراضی پر حق سے محروم ہوگئے۔ وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا کے ہمراہ وزیر مال نے بھوبھارتی شعور بیداری پروگرام میں حصہ لیا۔ اُنھوں نے کہاکہ بھوبھارتی پر مؤثر عمل کیلئے ٹریبونل قائم کیا جائیگا۔ اُنھوں نے کہاکہ پائلیٹ پراجکٹ کے تحت 4 منڈلوں میں قانون پر عمل کیا گیا جس کے تحت 13 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔ اِن کی 30 مئی سے قبل یکسوئی کی جائے گی۔ ضلع کلکٹرس اور دیگر عہدیداروں کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ تحصیلدار، آر ڈی او، ایڈیشنل کلکٹر، چیف کمشنر لینڈ اڈمنسٹریشن اور دیگر عہدیدار بھوبھارتی قانون کے نفاذ میں مصروف ہیں۔ وزیر مال نے کہاکہ عوام کو کسی بھی دشواری اور رکاوٹ کے بغیر محکمہ مال کی خدمات شفافیت سے فراہم کرنے قانون بنایا گیا ۔ اُنھوں نے کہاکہ نیا قانون اراضی تنازعات کی یکسوئی میں مددگار ثابت ہوگا۔ 2 جون کے بعد ریاست میں قانون پر عمل ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت 6 ہزار لائسنس یافتہ سرویئرس کی خدمات حاصل کریگی اور اُنھیں اراضی قانون کی تربیت دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ نئے قانون سے اراضیات کے مالکانہ حقوق کا تحفظ کیا جائیگا۔ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل کا جائزہ لے کر وزیر مال نے حکام کو ہدایت دی کہ ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 مکانات الاٹمنٹ کے نشانہ کی تکمیل کی جائے۔ اُنھوں نے استفادہ کنندگان کے انتخاب میں شفافیت کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ مزید 3 مراحل میں اندراماں ہاؤزنگ مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔1